بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کا قتل کے ملزم کرکٹر کا ساتھ دینے کا عزم

راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیش کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے شکیب الحسن پر اپنے ملک میں مظاہروں کے دوران ایک شخص کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو اور شکیب الحسن 25 اگست 2024 کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف  پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں وکٹ لینے کے بعد خوشی منا رہے ہیں (اے ایف پی) 

بنگلہ دیشی کھلاڑیوں  نے اپنے ملک کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی برطرفی کے بعد قتل کے الزام کا سامنا کرنے والے ساتھی کھلاڑی شکیب الحسن کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کیا ہے۔

کپتان نجم الحسین شانتو نے کہا ہے کہ وہ اتوار کو پاکستان کے خلاف ان کی ٹیم کی پہلی ٹیسٹ جیت کو سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اقتدار کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران مارے گئے سینکڑوں افراد کے نام کرتے ہیں۔

اس تاریخی فتح میں آل راؤنڈر شکیب الحسن نے دوسری اننگز میں تین وکٹیں حاصل کرکے اہم کردار ادا کیا تھا جن کے خلاف مظاہروں کے دوران مارے گئے ایک دکاندار کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش میں طلبہ کی قیادت میں کئی ہفتوں تک جاری احتجاج کے نتیجے میں شیخ حسینہ پانچ اگست کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے انڈٰیا فرار ہوگئی تھیں جس سے ان کے 15 سالہ مطلق العنان حکمرانی کا خاتمہ ہوا۔ ان کی حکومت کے خاتمے کے بعد شکیب الحسن بھی اپنی پارلیمان کی رکنیت کھو بیٹھے تھے۔

نجم الحسین شانتو نے پیر کی شب فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ 37 سالہ شکیب، جنہوں نے ’شیخ حسینہ کی عوامی لیگ پارٹی کے قانون ساز کی حیثیت سے اپنی نشست کھو دی ہے، ہمارے ملک کا ایک بڑا اثاثہ ہیں۔‘

شانتو نے مزید لکھا کہ ’شکیب 17 سالوں سے دنیا میں بنگلہ دیش کا نام روشن کر رہے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بدامنی کے دوران مارے گئے سینکڑوں افراد میں سے ایک کے والد رفیق الاسلام نے جمعرات کو ڈھاکہ میں شکیب الحسن اور دیگر 155 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

شیخ حسینہ کی حکومت پر سیاسی مخالفین کی بڑے پیمانے پر حراست اور ماورائے عدالت قتل سمیت بڑے پیمانے پر بدسلوکی کا الزام تھا۔

شکیب الحسن کے ساتھ ساتھ حسینہ واجد، سابق وزرا اور دیگر سابق قانون سازوں پر بھی اس قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔

شکیب نے اس کیس کے بارے میں عوامی طور پر بات نہیں کی ہے لیکن ٹیم میں ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ انہیں مدد کی پیشکش کر رہے ہیں۔

شانتو نے مزید کہا: ’شکیب بھائی کے خلاف اس طرح کا کیس غیر متوقع ہے۔ نئے بنگلہ دیش میں، ہم سب کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ تمام اندھیرے چھٹ جائیں گے اور نئی روشنی جنم لے گی۔‘

تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم نے بھی فیس بک پر کہا: ’میں پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہوں، اور میں دوبارہ کہوں گا کہ مجھے شکیب جیسے چیمپئن کے ساتھ کھیلنے پر فخر ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ایک ساتھی اور ایک بھائی کے طور پر، میں مشکل وقت میں ان کے ساتھ موجود رہوں گا اور میں ان پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ وہ کبھی بھی غیر انسانی حرکتوں میں ملوث نہیں ہو سکتے۔‘

بنگلہ دیش نے اتوار کو راولپنڈی میں 14 ٹیسٹ میچوں کے بعد پہلی بار پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ بھی جمعے سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ