پچھلے سال ساڑھے آٹھ لاکھ پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک گئے

قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری برائے اوورسیز پاکستانیز نے بتایا کہ 2022 سے 2023 میں سب سے زیادہ پاکستانیوں نے روزگار کے لیے بیرون ملک سفر کیا۔

پاکستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد سات مئی 2020 کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھی (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان کی قومی اسمبلی میں بدھ کو ہونے والے اجلاس کے دوران پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سالوں کی نسبت 2022 سے 2023 میں سب سے زیادہ پاکستانیوں نے روزگار کے لیے بیرون ملک سفر کیا۔

یہ اعداد و شمار رکن قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسلم گھمن کی جانب سے خلیجی ممالک میں گداگری کی سرگرمیوں میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنے پر سامنے آئے ہیں۔

توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری برائے اوورسیز پاکستانیز احسان الحق باجوہ نے بتایا کہ سال 2023 میں تقریباً آٹھ لاکھ 60 ہزار افراد کو روزگار کے سلسلے میں قانونی طریقے سے ملک سے باہر بھجوایا گیا ہے۔

احسان الحق کہنا تھا کہ ’گذشتہ سالوں کی نسبت 2022 سے 2023 میں سب سے زیادہ پاکستانی بیرون ملک روزگار کے سلسلے میں گئے ہیں۔‘

’ان میں سے تقریباً چار لاکھ 26 ہزار سعودی عرب، دو لاکھ 29 ہزار متحدہ عرب امارات گئے جبکہ عمان میں 60 ہزار، قطر میں 55 ہزار، بحرین میں 13 ہزار اور کل 75 ہزار افراد دیگر ممالک گئے۔ اسی طرح  15 ہزار پاکستانی یورپی ممالک گئے ہیں۔‘

پارلیمانی سیکریٹری برائے سمندر پار پاکستانی نے مزید کہا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر سال تقریباً 30 ارب ڈالرز زرمبادلہ ملک میں بجھواتے ہیں، یہ آپ کے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

احسان الحق باجوہ نے گداگری کی وجہ سے ویزے بند ہونے سے متعلق معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر ملک کی اپنی پالیسی ہے جس وجہ سے انہوں نے ویزے بند کیے ہیں۔ یہ اس ملک سے جواب لے سکتے ہیں کہ کس وجہ سے ویزے بند کیے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستانیوں کو روزگار کے سلسلے میں باہر بھیجنے کے لیے ایک مضبوط قانونی ڈھانچہ ہمارے پاس موجود ہے جس میں 1979 کے آرڈیننس کے تحت ہمارے پروموٹرز جنہیں لائسنس دیے گئے ہیں، وہ تمام ویریفیکیشن کر کے باہر بھیجتے ہیں۔‘

’اس کا بہت کم چانس ہوتا ہے کہ جو افراد روزگار کے لیے بیرون ملک گئے ہیں وہ باہر جا کر گداگری کریں۔ بیرون ملک میں پاکستان کی ایمبیسی یا کسی ادارے نے تاحال کوئی ڈیٹا شیئر نہیں کیا جہاں بتایا گیا ہو کہ پاکستانی باہر جا کر گداگری کرتے ہیں۔‘

’رواں سال پاکستانی سب سے زیادہ سعودی عرب گئے‘

بیورو آف امیگریشن کی جانب سے انڈپینڈنٹ اردو کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق رواں سال اگست کے مہینے تک کل چار لاکھ 22 ہزار 487 افراد بیرون ملک جا چکے ہیں۔

ان اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اگست تک دو لاکھ 45 ہزار پاکستانی سعودی عرب گئے جبکہ 56 ہزار پاکستانیوں نے متحدہ عرب امارات کا رخ کیا۔

اس کے علاوہ رواں سال اب تک 42 ہزار پاکستانی عمان، 21 ہزار قطر اور چھ ہزار یورپ کی طرف گئے ہیں۔

سال 2021 میں دو لاکھ 86 ہزار، سال 2022 میں آٹھ لاکھ 29 ہزار پاکستانی بیرون ملک گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان