دورہ پاکستان: ٹیسٹ منتقلی کی خبروں پر انگلینڈ کو تشویش

انگلینڈ کے کوچ برینڈن میک کولم نے کہا: ہم واقعی نہیں جانتے (کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔) لیکن ہم اس وقت تک کسی ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں معلوم نہ ہو جائے کہ ہم کہاں کھیلنے جا رہے ہیں۔‘

29 اگست 2024 کی اس تصویر میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے تربیتی سیشن کے لیے عملہ نیٹ تیار کر رہا ہے (عامر قریشی/ اے ایف پی)

انگلینڈ پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے حوالے سے صورت حال کی وضاحت چاہتا ہے، کیونکہ کچھ رپورٹس کے مطابق ممکن ہے کہ میچوں کو کسی دوسرے ملک منتقل کر دیا جائے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستانی میڈیا نے اشارہ دیا ہے کہ آئندہ ماہ دونوں ٹیموں کے تین میچوں کی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی جا سکتی ہے کیونکہ مجوزہ میدانوں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔

فی الحال شیڈول کے مطابق انگلینڈ نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ سات اکتوبر 2024 کو ملتان میں کھیلنا ہے، جس کے بعد کراچی اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جانا ہیں، لیکن آئندہ سال چیمپیئنز ٹرافی کی تیاری کے پیش نظر آخری دو مقامات پر مرمت اور تزئین و آرائش کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک یا زیادہ میچوں کو متحدہ عرب امارات یا سری لنکا منتقل کرنے کا خیال زیر غور ہے اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اس حوالے سے مزید پیش رفت کا انتظار کر رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انگلینڈ کے کوچ برینڈن میک کولم نے جمعرات کو سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل اوول میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے اس مسئلے پر بات کی۔

انہوں نے کہا: ’ہم واقعی نہیں جانتے (کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔) لیکن ہم اس وقت تک کسی ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں معلوم نہ ہو جائے کہ ہم کہاں کھیلنے جا رہے ہیں۔‘

سابق نیوزی لینڈ کے کپتان نے مزید کہا: ’پھر ہم بیٹھ کر یہ یقینی بنائیں گے کہ ہمارے پاس صحیح ٹیم ہے، جو صحیح حالات اور صحیح حریف کے لیے ہو۔‘

انگلینڈ نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر 2005 اور 2022 کے درمیان پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں میچز منعقد کروائے۔

سال 2022 میں 17 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ ٹیم نے تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی تھی۔ یہ میچ بالترتیب راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں کھیلے گئے۔

مہمان ٹیم نے یہ سیریز تین صفر سے اپنے نام کی تھی۔ پہلا ٹیسٹ انگلینڈ نے 74 رنز اور دوسرا 26 رنز سے جیتا تھا، جب کہ آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

یہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ہونے والا پہلا وائٹ واش تھا۔

پاکستان میں کرکٹ سٹیڈیمز کی مرمت جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے گذشتہ مہینے کہا تھا کہ ملک کے پانچ بڑے کرکٹ سٹیڈیمز کی مرمت اور تزئین و آرائش 2025 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں موجود کرکٹ کے تین بڑے سٹیڈیمز کی بہتری ناممکن پراجیکٹ تھا، ’لیکن ہم چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے کام مکمل کر لیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں چیمپیئنز ٹرافی کے میچ ہوں گے جب کہ فائنل بھی وہیں کھیلا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے کچھ میچ آگے پیچھے ہو سکتے ہیں لیکن پی سی بی کا سب سے بڑا ہدف سارے سٹیڈیمز کو چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کرنا ہے، جو ضرور ہو جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ