پاکستان کے مرکزی بینک سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے لیے منعقد کیے گئے مقابلے کے اختتام پر نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
مقابلے کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی مقابلہ جیتنے والے مقامی آرٹسٹس کے نام اور ان کے تخلیق کردہ نوٹوں کے ڈیزائنز شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔
شارٹ لسٹ ہونے والوں میں نو افراد شامل ہیں۔
10 روپے مالیت کے بینک نوٹ کے ڈیزائن کا پہلا انعام ڈاکٹر شیری عابدی کو دیا گیا، جبکہ مرزا سفیان نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
20 روپے کے نوٹ کے لیے ہارون خان، 50 روپے کے لیے سید فواد حسین، 100 روپے اور 5000 روپے کے نوٹوں کے لیے میمونہ افضل کے نام شارٹ لسٹ کیے گیے جنہوں نے دونوں کیٹیگریز میں پہلا انعام حاصل کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
500 روپے مالیت کے نوٹ میں پہلا انعام ہادیہ حسن اور دوسرا انعام عینی زہرا کو دیا گیا، 1000 روپے کے نوٹ میں پہلا انعام نورین اسلم نے حاصل کیا اور 5000 ہزار مالیت کے نوٹ کے لیے دوسری پوزیشن پر کریم محمد رہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائنز کی نوعیت محض علامتی ہے اور ان ڈیزائنز کو بین الاقوامی ڈیزائنرز کو بھجوایا جا رہا ہے، جو نئے کرنسی نوٹوں کو تخلیق کریں گے۔
پاکستان کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ڈیزائنر اگرچہ ان ڈیزائنز سے رہنمائی لیں گے، تاہم وہ حتمی ڈیزائن بنانے کے لیے خود اپنی مہارت اور تخیّل کو استعمال کرنے میں آزاد ہوں گے۔
اس حوالے سے سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللّٰہ کا کہنا تھا کہ کل سات ڈینومینیشن ہیں اس حساب سے 21 انعامات ہیں، پہلا انعام 10 لاکھ روپے ہے، دوسرا انعام 5 لاکھ اور تیسرا انعام 3 لاکھ روپے ہے۔