اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اتوار کو ایک ٹرک ڈرائیور نے مقبوضہ مغربی کنارے اور اردن کے درمیان اسرائیلی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی جس سے تین اسرائیلی محافظ جان سے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو مار دیا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ فائرنگ الینبی پل کی سرحدی گزر گاہ پر ہوئی جسے شاہ حسین پل بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں پر اسرائیل کے زیر انتظام کارگو ایریا ہے جہاں اردن سے آئے ٹرک مقبوضہ مغربی کنارے میں جانے والا مال اتارتے ہیں۔
یہ واقعہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے دوران پیش آیا جہاں بڑے اسرائیلی فوجی حملے جاری ہیں۔
فوج کا کہنا تھا کہ حملہ آور ٹرک ڈرائیور اردن سے کراسنگ کے علاقے میں پہنچا۔
فوجی بیان کے مطابق ڈرائیور ٹرک سے باہر آیا اور پل پر موجود اسرائیلی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’اس حملے کے نتیجے میں تین اسرائیلی شہری جان سے گئے۔‘
فوج نے بعد میں وضاحت کی کہ یہ افراد فوج یا پولیس فورس کا حصہ نہیں تھے بلکہ سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے۔
شاہ حسین پل واحد بین الاقوامی راستہ ہے جو مغربی کنارے کے فلسطینیوں کے لیے کھلا ہے۔ اس پل کے ذریعے اسرائیل میں داخل ہوئے بغیر سفر کیا جا سکتا ہے۔ یہاں نجی سکیورٹی گارڈز اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔
اردن کے ایک عہدے دار نے روئٹرز کو بتایا کہ اردن نے مقبوضہ مغربی کنارے کو ملانے والے شاہ حسین پل کو بند کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ادھر غزہ میں اتوار کی صبح اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ افراد جان سے گئے، جن میں دو خواتین، دو بچے اور ایک سینیئر سول اہلکار شامل ہے۔
سول ڈیفنس نے بتایا کہ اس حملے میں شمالی غزہ کے لیے اس کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد مرسی کو نشانہ بنایا گیا۔