انڈیا کے شہر گریٹر نوئیڈا میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ میں گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے لگاتار تیسرے دن کا کھیل بھی کوئی گیند ڈالے بغیر منسوخ کر دیا گیا۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والی بارش کے باعث پہلے دو دن دھوپ نکلنے اور گھریلو پنکھوں کی مدد سے سُکھائی گئی آؤٹ فیلڈ ایک بار پھر گیلی ہو گئی، جس سے امپائرز کے پاس تیسرے دن کے کھیل کو بھی منسوخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔
منگل کو گراؤنڈ سٹاف نے پچ کے کچھ حصوں کو مزید بارش کے خدشے کے پیشِ نظر ترپال سے ڈھانپ دیا تھا جب کہ عملے کے کچھ لوگ سب سے زیادہ گیلے مقامات کو برقی پنکھے لگا کر خشک کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
گراؤنڈ سٹاف نے ایک گیلی جگہ کو، جو کور پوائنٹ اور مڈ وکٹ کے درمیان تھی، کھود کر وہاں خشک مٹی اور تازہ گھاس بھر دی۔
افغانستان اس میچ کی میزبانی انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کے قریب نوئیڈا شہر میں کر رہا ہے کیونکہ کوئی بھی ٹیم افغان سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لیے آمادہ نہیں۔
دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں گذشتہ 10 دنوں سے مون سون کی مسلسل بارش ہو رہی ہے۔
اس خراب صورت حال کے باعث ابھی تک میچ کا ٹاس تک نہیں ہو پایا جو جمعرات کی صبح نو بجے متوقع ہے لیکن اس کا انحصار موسم اور آؤٹ فیلڈ پر ہو گا۔
آئرلینڈ اور سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے بعد یہ 2024 میں افغانستان کا تیسرا ٹیسٹ میچ ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے کرکٹ عہدے دار نے اس صورت حال کو ’بہت بڑا مسئلہ‘ قرار دیا۔
افغانستان 2017 سے اس گراؤنڈ پر کئی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے افغانستان میں مسائل کی وجہ سے افغان ٹیم کو پریکٹس کرنے اور ملک سے باہر میچ کھیلنے کی جگہ دے دی ہے۔
ان مقامات میں لکھنؤ اور دہرادون جیسے شمالی انڈیا کے شہر شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
افغانستان کے لیے لکھنؤ اور دہرادون اس ٹیسٹ کے لیے پسندیدہ مقامات تھے لیکن وہاں کے گراؤنڈز پر مقامی لیگز ہو رہی ہیں۔
گریٹر نوئیڈا میں پریس باکس پہلے کھلی جگہ لگائے گئے خیمے میں قائم کیا گیا جس میں صرف قالین اور کرسیاں تھیں۔
انٹرنیٹ یا بجلی کی کوئی سہولت نہیں تھی تاہم شکایت کے بعد اسے دوسری جگہ منتقل کر گیا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے عہدے داروں نے تنقید میں احتیاط سے کام لیا ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اس سے انڈین کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات خراب ہو سکتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں مایوسی ہوئی۔
افغان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدے دار نے انڈین میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہم دوبارہ یہاں کبھی نہیں آئیں گے۔‘
یہ افغانستان کا محض 10واں ٹیسٹ میچ ہے۔
ٹم ساؤتھی کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے اس سلسلے میں کھل کر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کھیلنے جائے گی جبکہ واپس آ کر انڈیا کے خلاف مزید تین ٹیسٹ کھیلے گی۔