بالی وڈ سپر سٹارامیتابھ بچن اور تمل فلموں کے میگا سٹار رجنی کانت ہمیشہ ہی ایک دوسرے کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
اخبار انڈین ایکسپریس ڈاٹ کام کے مطابق مستقبل قریب میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’ویتیان‘ (شکاری) کے سلسلے میں ہونے والی تقریب میں میگا سٹار امیتابھ بچن نے اپنے دیرینہ اداکار دوست رجنی کانت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’ستاروں کا ستارہ‘ قرار دیا۔
نئی فلم انہیں 33 سال بعد دوبارہ اکٹھا کر رہی ہے۔
بچن نے اس موقعے پر فلم ’ہم‘ کی شوٹنگ کے دوران رجنی کانت کی عاجزی کو یاد کیا۔
چنئی میں منعقدہ اس خاص تقریب میں بچن خود موجود نہیں تھے تاہم انہوں نے ایک خصوصی پیغام بھجوایا۔
انہوں نے 1991 کی ڈرامائی فلم ’ہم‘ کی شوٹنگ کو یاد کیا جس میں رجنی کانت اور گووندا نے بچن کے چھوٹے بھائیوں کا کردار نبھایا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈیا ٹوڈے کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی تقریر کا آغاز یہ بتاتے ہوئے کیا کہ وہ کتنا فخر محسوس کر رہے ہیں کہ ویتیان ان کی پہلی تمل فلم ہے۔ میگا سٹار نے مکول آنند کی ہدایت کاری میں بنی فلم کی شوٹنگ کو بھی یاد کیا۔
’میں فلم ’ہم‘ کی شوٹنگ کے دوران اپنی اے سی گاڑی میں آرام کرتا تھا جبکہ رجنی وقفے میں فرش پر سوتے تھے۔ ان کی اتنی سادگی دیکھ کر، میں گاڑی سے باہر آ گیا اور باہر ہی آرام کیا۔‘
یہ باتیں بچن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیں جو فلم کی لانچنگ تقریب میں چلایا گیا۔ دونوں اداکاروں نے اس سے پہلے ’اندھا قانون‘اور ’گرفتار‘ میں بھی ساتھ کام کیا۔
ان کے درمیان بھائی چارہ اس وقت واضح طور پر نظر آیا جب رجنی کانت نے بچن کی 1990 کی دہائی میں دیوالیہ پن سے نکلنے کی جدوجہد کی تعریف کی۔ اس وقت بچن نے اپنی کمپنی، امیتابھ بچن کارپوریشن لمیٹڈ (اے بی سی ایل) کا آغاز کیا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکی اور جلد ہی دیوالیہ ہو گئی جس کی وجہ سے بچن خاندان پر بہت سا قرض چڑھ گیا۔
ویتیان کی ہدایت کاری ٹی جے گناناویل کر رہے ہیں جنہوں نے اس سے پہلے مشہور تمل قانونی ڈرامے ’جے بھیِم‘ کی ہدایت کاری کی جس میں سوریا نے مرکزی کردار ادا کیا۔
فلم 10 اکتوبر کو سینیما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے اور اس میں فہد فاضل، رانا دگوبتی، منجو واریر، رتیکا سنگھ، دوشرا وجیان اور وی جے رکھشن بھی شامل ہیں۔