پولیس سٹیشن میں دھماکہ، ایک بچہ جان سے گیا، 31 زخمی: صوابی ڈی پی او

صوابی کے ڈی پی او نے بتایا کہ سٹی پولیس سٹیشن کے مال خانے میں دھماکے سے ایک بچہ جان سے گیا جبکہ 31 افراد زخمی ہو گئے۔

26 ستمبر، 2024 کو صوابی کے پولیس سٹیشن میں دھماکے کے بعد ریسکیو عملہ امدادی کارروائی میں مصروف ہے (ریسکیو 1122)

صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) ہارون رشید نے بتایا کہ جعمرات کو سٹی پولیس سٹیشن کے مال خانے میں دھماکے سے ایک بچہ جان سے گیا جبکہ 31 افراد زخمی ہو گئے۔

انہوں نے بتایا پولیس سٹیشن میں زیر سماعت مقدمات کا مال مقدمہ مال خانے میں موجود ہوتا ہے، جس میں شارٹ سرکٹ سے دھماکہ ہوا۔ 

ہارون رشید نے بتایا کہ ’دھماکے میں ایک راہگیر بچہ جان سے گیا اور 31 افراد زخمی ہیں، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔‘

دھماکے سے پولیس سٹیشن کے اندر تین سے چار کمروں کی ایک عمارت گر گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صوابی پولیس کے ترجمان لیاقت خان نے بتایا کہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ انہیں پولیس سٹیشن میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔

انہوں نے بتایا، ‘ملبے تلے افراد کی اب تک اطلاع نہیں لیکن احتیاطاً ہم ملبے کو ہٹا رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ملبے تلے کوئی موجود نہ ہو۔‘

دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی پولیس سربراہ (آئی جی) اور چیف سیکریٹری کو موقعے پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے دھماکے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر قسم سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان