انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کی کوشش ہو گی: شان مسعود

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے لیکن ہمیں ملتان میں کنڈیشنز کا اندازہ نہیں، ہماری کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔

پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود 30 ستمبر 2024 کو کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں (پی سی بی)

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آج کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف جو نتیجہ چاہتے تھے وہ نہیں آیا، لڑکوں کو خراب کارکردگی کا دکھ ہے۔

’کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرنے پڑے گیں، خرم شہزاد ٹیم کا اہم جز ہیں اور بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہوگئے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو کارکردگی دکھانے کے لیے متواتر میچ چاہیے ہوتے ہیں۔‘

شان مسعود کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے لیکن ہمیں ملتان میں کنڈیشنز کا اندازہ نہیں، ہماری کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ آپ کی ٹیم ہارتی ہے تو یہ بات کبھی اچھی نہیں لگتی، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آغاز اچھا نہیں ہوا، آسٹریلیا سے کھیلنے کے بعد ہم نے بہت سی ایسی چیزیں دیکھی جو ہمیں مثبت لگیں لیکن بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں وہ چیزیں دیکھنے کو نہیں ملیں۔

’ہمیں غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، ٹیسٹ کرکٹ آپ سے جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط رہنے کی ڈیمانڈ کرتی ہے، ہمیں ان چیزوں کو بطور ٹیم بہتر کرنا ہو گا۔‘

شان مسعود نے مزید کہا کہ بنگلادیش کے خلاف ٹیم میں اتحاد کے حوالے سے کوئی مسائل نظر نہیں آئے، ان کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ڈریسنگ روم میں بہتر ماحول رکھا جائے۔

محمد رضوان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ مستقل ٹیم کا حصہ ہیں لیکن شارٹ ٹرم میں سرفراز احمد بہترین متبادل ہیں، ٹیسٹ میچز میں نئے وکٹ کیپر کو فوری میدان میں نہیں اتارا جا سکتا، نوجوان وکٹ کیپرز اور اوپنرز کے ساتھ مستقبل کی پلاننگ کو نظر میں رکھ کر کوچز کام کر رہے ہیں۔

بابراعظم کے حوالے سے شان مسعود کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے نمبر ون اور بہترین بلے باز ہیں نیز کھلاڑیوں کو پورا موقع دینا چاہتے ہیں، کامران غلام، صائم ایوب سمیت سب کو پرفارمنس دکھانے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے افتتاحی میچ کے لیے شان مسعود کو کپتان برقرار رکھا ہے اور لیفٹ آرم سپنر نعمان علی کو دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

 انگلینڈ کی ٹیم دو اکتوبر کو ملتان پہنچے گی اور وہاں سات سے 19 اکتوبر کے درمیان لگاتار ٹیسٹ میچز ہوں گے جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ راولپنڈی میں 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل جاری کردہ شیڈول کے مطابق کراچی میں ایک میچ ہونا تھا لیکن سٹیڈیم کو اگلے سال کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے سکواڈ کا ملتان میں پری سیریز ٹریننگ کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔

یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے جس میں انگلینڈ چھٹے نمبر پر ہے اور پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔

2021 میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد سے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر مشکلات کا سامنا ہے اور وہ ایک ٹیسٹ میچ بھی نہیں جیت سکا۔

اس کے بعد سے اس نے چھ ٹیسٹ میچوں میں شکست کھائی ہے، جس میں راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف دو صفر کی شکست شامل ہے۔

انگلینڈ نے آخری بار 2022 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں اس نے تین صفر سے کلین سوئپ کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ