لاہور میں جمعے سے پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (پی اے اے پی اے ایم) کے تحت ایکسپو سینٹر میں پاکستان آٹو شو شروع ہو گیا۔
شو کا افتتاح وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کیا، جس میں ملکی اور بین الاقوامی حاضرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سہ روزہ شو کے دوران پاکستان کی بگ تھری کمپنیوں ٹویوٹا، ہونڈا اور سوزوکی نے تو کوئی نئی گاڑی متعارف نہیں کروائی البتہ چنگان، ہنڈائی، کیا اور بی وائی ڈے کے سٹالز پر نئی کاریں ضرور نظر آئیں۔
حال ہی میں پاکستان میں سرگرمیاں شروع کرنے والی چینی کمپنی بی وائے ڈی کی دو گاڑیوں سیل اور اوٹو کا افتتاح کیا گیا۔
بی وائے ڈی سیل (BYD Seal)
یہ ڈی سیگمنٹ سیڈان ٹیسلا ماڈل تھری کا مقابلہ کرتی ہے۔ اس کے ڈیزائن کی منفرد خصوصیت سمندری جمالیات کا حامل ہونا ہے۔
گاڑی کا ڈیزائن ایروڈائنامک ہے جو اس کی رفتار کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ منفرد ڈبل یو شیپڈ ہیڈ لائٹس اور سامنے کی خوبصورت گرل اس کے سپورٹس ٹائپ انداز کو اجاگر کرتی ہے۔
کارکردگی:
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ایک چارج کے بعد سیل کی رینج تقریباً 570 کلومیٹر ہے، جو82.5 کلوواٹ آور بیٹری کے مرہون منت ہے۔
کمپنی کے مطابق تیز چارجنگ کی وجہ سے یہ صرف 37 منٹ میں 10 فیصد سے 80 فیصد تک چارج ہو سکتی ہے۔
اس میں پاور آؤٹ لیٹ بھی موجود ہے جس سے مختلف گھریلو آلات چارج کیے جا سکتے ہیں۔
اندرونی خصوصیات:
گاڑی میں آرٹیفیشل لیدر کی پوشش کے ساتھ ساتھ اس کے نمایاں فیچرز اینڈرائیڈ آٹو، ایپل کارپلے، اور کرسٹل گیئر لیور شامل ہے، جو اس کے اندرونی ماحول کو مزید جاذب نظر بناتا ہے۔
سینٹر کنسول میں سٹارٹ/سٹاپ اور پارکنگ بٹن بھی موجود ہیں۔ فرنٹ سیٹیں ہیٹڈ ہیں اور پینورامک روف بھی اس گاڑی میں موجود ہے۔
قیمت:
اس گاڑی کے ڈائنامک ورژن کی قیمت بغیر ٹیکس کے ایک کروڑ 47 لاکھ 90 ہزار ہے جب کہ پریمئیم ورژن کی قیمت ایک کروڑ 69 لاکھ 90 ہزار ہے۔
سٹال پر موجود کمپنی نمائندوں کے مطابق اگر اس گاڑی کی آج ایڈوانس ادائیگی کر دی جائے تو اسے جنوری، 2025 میں مہیا کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بی وائے ڈی اوٹو تھری (BYD Atto 3)
یہ مکمل طور پر برقی سی کیٹیگری SUV ہے، جو Hyundai Tucson، KIA Sportage، اور Changan Oshan X7 جیسی گاڑیوں کا مقابلہ کرتی ہے۔
اس کا منفرد فرنٹ گرل، بمپر اور پیچھے کے حصے کا ڈیزائن اسے مزید منفرد بناتے ہیں۔
بیرونی خصوصیات:
سامنے کے حصے میں بائی پروجیکٹر ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس اور ڈی آر ایل شامل ہیں۔ فرنٹ گرل پر فن لائن ڈھانچہ گاڑی کی ایئروڈائنامکس کو بہتر بناتا ہے۔ اس کے علاوہ ایس ایس اسٹائلنگ، ریڈار، اور 360 ڈگری کیمرہ ڈرائیور کی سہولت کے لیے موجود ہیں۔
اندرونی خصوصیات:
گاڑی کے اندرونی حصے میں سیاہ اور ہلکے نیلے رنگوں کا امتزاج ہے اور سرخ سلائی کے ساتھ بکٹ سیٹیں دی گئی ہیں۔
اضافی فیچرز میں ہوائی جہاز کے کاک پٹ جیسا سٹائل، جدید سٹیئرنگ وہیل، بہترین ویزیبلٹی کے ساتھ کلسٹر پینل، اور پینورامک سن روف شامل ہیں۔
مزید برآں، آڈیو ریکگنیشن، گھومنے والی سکرین، وائرلیس چارجر، اینڈرائیڈ آٹو، ایپل کارپلے اور اسٹارٹ/اسٹاپ بٹن بھی شامل ہیں۔
حفاظتی خصوصیات میں ایئر بیگز، ڈیفاگر، پارکنگ سینسرز، تصادم کی وارننگ، اور ہینڈ بریک شامل ہیں۔
قیمت:
اس گاڑی کی قیمت 89 لاکھ 90 ہزار روپے ہے۔