اسرائیل نے غلط اندازہ لگایا، وہ ایران کو نہیں جانتے: خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتوار کو کہا ہے کہ ان کے ملک پر حملہ کرکے اسرائیل نے غلط اقدام اٹھایا اور وہ ابھی تک ایرانی عوام کی طاقت، اقدام اور عزم کو صحیح طور پر نہیں سمجھ پائے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتوار کو کہا ہے کہ ان کے ملک پر حملہ کرکے اسرائیل نے غلط اقدام اٹھایا اور وہ ابھی تک ایرانی عوام کی طاقت، اقدام اور عزم کو صحیح طور پر نہیں سمجھ پائے۔

26 اکتوبر کو ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایکس پر اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا: ’صیہونی حکومت (اسرائیل) نے دو رات قبل ایک غلط اقدام کیا۔ ہمیں ان کو ایرانی عوام کی طاقت، عزم اور اقدام کو سمجھانا چاہیے۔‘

سپریم لیڈر نے ایران کی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ یہ طے کرے کہ اسرائیلی حملے کے بعد (ردعمل میں) تہران کی طاقت کا مظاہرہ کیسے کرنا ہے۔

بقول آیت اللہ خامنہ ای: ’ہمارے حکام کو چاہیے کہ وہ اس بات کا اندازہ لگائیں کہ (ایرانی عوام کی طاقت دشمنوں کو دکھانے کے لیے) کیا کیا جانا ہے اور وہ، وہی کریں جو اس ملک اور قوم کے مفاد میں ہے۔‘

انہوں نے اسرائیلی حملے کو ’غلط اندازہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’صیہونی ایران کے حوالے سے غلط اندازہ لگا رہے ہیں۔ وہ ایران کو نہیں جانتے۔ وہ ابھی تک ایرانی عوام کی طاقت، اقدام اور عزم کو صحیح طور پر نہیں سمجھ پائے ہیں۔ ہمیں ان کو ان باتوں کو سمجھانے کی ضرورت ہے۔‘

ہفتے کو اسرائیل نے یکم اکتوبر کو تہران کے میزائل حملے کے جواب میں ایران میں فوجی مقامات پر فضائی حملے کیے۔ 

اسرائیلی حملے میں کم از کم چار ایرانی فوجی مارے گئے تھے۔ ایرانی فوج نے کہا تھا کہ اسرائیل نے ایلام، خوزستان اور تہران میں فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جس سے ’محدود نقصان‘ ہوا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے اتوار کو کہا کہ ایران پر اسرائیل کا فضائی حملہ ’انتہائی درست اور طاقت ور‘ تھا جس نے اپنے تمام اہداف حاصل کر لیے۔

نتن یاہو نے عبرانی کیلنڈر کے مطابق سات اکتوبر کے حملے کے ایک سال پورا ہونے کے موقعے پر ایک بیان میں کہا: ’ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم ایرانی حملے کا جواب دیں گے اور ہفتے کے روز ہم نے حملہ کیا جو بالکل درست اور طاقتور تھا اور اس حملے نے اپنے تمام مقاصد حاصل کر لیے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نتن یاہو نے مزید کہا کہ ’ایران نے سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کیا اور یہ حملہ ناکام ہوگیا تھا۔‘

انہوں نے کہا: ’ہم نے اپنا وعدہ نبھایا۔ اسرائیلی فضائیہ نے ایران پر حملہ کیا اور ایران کی دفاعی صلاحیتوں اور میزائلوں کی پیداواری صلاحیت کو نشانہ بنایا۔‘

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے تہران کو ہفتے کے حملے کے جواب میں مزید کارروائی سے خبردار کیا تھا۔

ایرانی حکام اور میڈیا نے اسرائیلی حملوں کو مسترد کرتے ہوئے ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا لیکن اس پر براہ راست ردعمل کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔

ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے مارے جانے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع میں ان کی کوششوں کو سراہا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا