چیمپئینز ٹرافی ہائیبرڈ ماڈل پر بات ہوئی نہ ہم کریں گے: محسن نقوی

انڈین میڈیا کے مطابق انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے میچز دبئی میں کروانے کی درخواست کی ہے، تاہم پی سی بی کے مطابق انہیں باضابطہ کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

چار اگست 2024 کی اس تصویر میں انڈین کھلاڑی روہت شرما اور ویراٹ کوہلی سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران (اے ایف پی)

انڈین میڈیا نے جمعے کو رپورٹ کیا ہے کہ انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے میچز دبئی میں کروانے کی درخواست کی ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام نے باضابطہ طور پر درخواست موصول ہونے کی تردید کی ہے۔

انڈین نیوز ویب سائٹ ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’بی سی سی آئی (انڈین کرکٹ بورڈ) نے پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ وہ میچ ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلنا چاہتے ہیں اور دبئی انڈیا کے میچوں کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار ہے۔‘

انڈین میڈیا سے سامنے آنے والی ان رپورٹس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ’ہمارا مؤقف صاف ہے کہ اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو ہمیں تحریری طور پر دیں، انڈین بورڈ نے ابھی تک ہمیں تحریری طور پر نہیں بتایا۔ ہمارے ساتھ کسی نے ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں کی اور نہ ہم اس پر بات کرنے کو تیار ہیں۔‘

میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا مزید کہنا تھا: ’ہمارے پاس ابھی تک کوئی خط نہیں پہنچا۔ اگر کوئی ایسی چیز آتی ہے تو ہمیں اپنی حکومت کے پاس جانا پڑے گا۔ حکومت جو فیصلہ کرے گی مجھے اس پر عمل کرنا پڑے گا ۔ پاکستان پچھلے کئی سالوں سے اچھے رویہ اپناتا آیا ہے اور ہم امید کریں گے کہ ہر دفعہ ہم سے اچھے رویے کی توقع نہ رکھی جائے۔‘

پی سی بی چیئرمین نے انڈین ٹیم کے پاکستان میں قیام کے حوالے سے کہا کہ ’ہم ہر ٹیم کو سہولت دیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ باہر کے لوگ بھی آئیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا آپریشنز مینیجر شکیل خان نے انڈپینڈنٹ اردو کے نمائندے عمر فیضان  سے گفتگو میں اس بات کی تردید کی کہ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا۔

انہوں نے انڈین میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی۔‘

19 فروری سے نو مارچ 2025 تک ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا مسودہ پہلے ہی تیار کر لیا تھا اور انڈیا کو اپنے میچ لاہور میں کھیلنا تھے۔ 

تاہم، اس مسودے پر کوئی بحث نہیں ہوئی تھی اور اب بی سی سی آئی کے فیصلے کے نتیجے میں عوام کے سامنے شیڈول کا اعلان کرنے سے پہلے کچھ تبدیلیاں متوقع ہیں۔

اصل منصوبے کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا مکمل شیڈول پیر کو جاری ہونا تھا لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ عالمی کرکٹ باڈی کو ضروری ترامیم کرنے میں کتنا وقت درکار ہوگا۔

ذرائع نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ ’دبئی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہوٹل کوئی مسئلہ نہیں ہے، لاجسٹکس کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہر چیز آسانی سے ہو سکتی ہے اور جب دبئی کی بات آتی ہے تو آئی سی سی کے پاس چیزیں کنٹرول ہوتی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ