دبئی سپورٹس کونسل نے انڈین کرکٹر ہربھجن سنگھ اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو دبئی میں 12 نومبر کو ہونے والی ایک شاندار تقریب میں کھیلوں کا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہربھجن سنگھ اور ثانیہ مرزا نے اس اعزاز ملنے کی خبر کو انسٹاگرام کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
ثانیہ مرزا نے اپنی پوسٹ میں دبئی ایونٹ کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ’دبئی کے لیے سپورٹس ایمبیسڈر بننے پر فخر ہے اور شکر گزار ہوں! یہ شاندار موقع دینے کے لیے دبئی سپورٹس کونسل کا شکریہ‘
ہربھجن سنگھ نے بھی اپنی پوسٹ میں دبئی سپورٹس کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا: ’دبئی کے شہزادے شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی موجودگی میں دبئی میں کھیلوں کا ایمبیسڈر بن کر فخر محسوس ہو رہا ہے اور ملک میں بہترین انفراسٹرکچر، ٹیلنٹ اور ایونٹس لانے کے لیے دبئی سپورٹس کونسل کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔‘
دبئی سپورٹس کونسل کی جانب سے انسٹاگرام پر ایونٹ کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’دنیا کی نظریں دبئی پر مرکوز ہیں جہاں ٹی 100 ورلڈ ٹرائیتھلون چیمپیئن شپ کے فائنلز ہو رہے ہیں، جو کہ دبئی کے شہزادے شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم، چیئرمین دبئی سپورٹس کونسل کی زیر سرپرستی منعقد ہو رہی ہے۔
دبئی اس عالمی ایونٹ کے فائنل مرحلے کی اس ہفتے کے آخر میں، یعنی 16 اور 17 نومبر کو پہلی بار میزبانی کرے گا، جس میں تین ہزار سے زائد ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔ دنیا کے بہترین ٹرائیتھلون کھلاڑی نئے عالمی ایونٹ کو جیتنے کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں، جو دبئی اکنامک اور ٹوررازم ڈیپارٹمنٹ اور دبئی سپورٹس کونسل کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔‘
ایک اور پوسٹ میں 12 نومبر کو ہونے والے اس ایونٹ کے بارے میں بتایا گیا کہ دبئی سپورٹس کونسل کے زیر اہتمام اس ایونٹ کو ’دبئی: دی لیڈنگ سپورٹس ڈسٹینیشن‘ کا عنوان دیا گیا تھا، جہاں 100 سے زائد ماہرین، جن میں کھلاڑی بھی شامل تھے، نے دبئی میں کھیلوں کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایسی تجاویز پیش کیں، جو حکومتی مدد کے ساتھ ترقی کے حصول میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔