سڈنی میں کھیلے جانے والے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں ہفتے کو آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کے بلے باز ناکام ہوئے اور 148 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکے۔
پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز عثمان خان نے بنائے جو 38 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم تین، محمد رضوان 16، صاحبزادہ فرحان پانچ اور سلمان آغا بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر سپینسر جانسن نے 26 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایڈم زمپا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کے اوپنرز نے برق رفتاری سے اننگز کا آغاز کیا اور شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو چوکوں اور چھکوں کا ہدف بنایا مگر حارث رؤف اور عباس آفریدی پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شارٹ نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے جبکہ ایرون ہارڈی نے 28 اور گلین میکسویل نے 21 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے چار، عباس آفریدی نے تین اور نوجوان سپنر سفیان مقیم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔