احتجاج میں غیر ملکیوں کی شرکت غیر قانونی، پاکستانی سیاست سے دور رہیں: دفتر خارجہ

دفتر خارجہ میں بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی۔

ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان 20 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ سے خطاب کر رہی ہیں (سکرین گریب دفتر خارجہ یوٹیوب)

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج سے افغان شہری گرفتار ہوئے ہیں۔ غیر ملکی شہریوں کی پاکستانی سیاسی احتجاجات میں شرکت مکمل غیر قانونی ہے تمام غیر ملکیوں سے کہیں گے کہ وہ پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں۔

اسلام آباد میں جمعے کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’احتجاج کے دوران گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی۔‘

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کے ویزا کے اجرا یا سفر کی ممانعت نہیں تاہم کچھ پابندیاں ضرور ہیں جن پر بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا تاہم کھیلوں کو سیاسی نہیں بنایا جانا چاہیے۔‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔

’پاکستان اور چین کا ٹی ٹی پی سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق روس کے سرکاری دورے پر ہیں، ایاز صادق وہاں پر دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جبکہ پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

’ہم لبنان کی خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں نسل کشی کی مذمت کرتا ہے، انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کے کیمپ میں چار شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کے باعث کشمیریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستان واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔
 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان