جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ ہفتے کو جوہانسبرگ میں بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔
میچ آفیشلز نے مقررہ وقت شروع ہونے کے بعد دو گھنٹے انتظار کیا، تاہم بارش اور آسمانی بجلی کی وجہ سے کوئی بھی گیند پھینکے بغیر ہی میچ کو ختم کر دیا گیا۔
جنوبی افریقہ نے مختصر فارمیٹ کی یہ سیریز دو صفر سے اپنے نام کی، جو اگست 2022 کے بعد اس کی دو طرفہ سیریز میں پہلی فتح ہے۔
ایک روز قبل یعنی جمعے کو سینچورین میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل منگل کو پہلے ٹی 20 کرکٹ میچ میں 11 رنز سے شکست نے پاکستان کے لیے ایک مایوس فضا پیدا کر دی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آئندہ منگل سے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا آغاز ہو گا، جس کے بعد دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے سات جنوری 2025 تک جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران تینوں فارمیٹ کی سیریز کھیل رہی ہے۔
اس دورے کے لیے بابر اعظم کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 تینوں فارمیٹس میں شامل کیا گیا ہے جب کہ نسیم شاہ کو ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔
شاہین آفریدی جو انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ بھی نہیں کھیل پائے، کو فی الحال وائٹ بال میچز کے لیے منتخب کیا گیا ہے تاکہ وہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی بہترین فٹنس اور فارم میں ہوں۔
ٹیسٹ ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی بھی ہوئی ہے۔ 25 ٹیسٹ میچوں میں 90 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس نے تین سال پہلے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جمیکا میں کھیلا تھا۔
گذشتہ ماہ سری لنکا اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی جانب سے 15 وکٹیں لینے کے بعد فاسٹ بولر خرم شہزاد کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ میر حمزہ 15 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں چوتھے فاسٹ بولر ہیں اور اس وقت ایبٹ آباد میں لاہور وائٹس کے خلاف پشاور کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔