پاکستان نے تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو 36 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا ہے۔
کرک انفو کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جنوبی افریقہ کو ہوم گراؤنڈ پر دو ممالک کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز میں وائٹ واش کیا گیا ہو۔
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کے لیے 308 رنز کا ہدف دیا تاہم پروٹیز کی پوری ٹیم 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
میچ میں پاکستان کی پہلی وکٹ ایک سکور پر ہی گر گئی جب عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، تاہم بابر اور صائم نے میچ کو سنبھالا اور سکور 115 تک لے گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی فتح میں بیٹر صائم ایوب نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 94 گیندوں پر 101 رنز بنائے۔ یہ اس سیریز میں صائم کی دوسری سینچری ہے۔
کپتان محمد رضوان نے 52 گیندوں پر 53 رنز بنائے جب کہ پاکستان کی جانب سے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے۔ انہوں نے 71 گیندیں کھیل کر 52 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 56 رنز دے کر پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہینرک کلاسن نے جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ 81 رنز بنائے، کوربن 40 رنز کے ساتھ جنوبی افریقہ کے دوسرے جبکہ ریس وین ڈیر ڈوسن 35 رنز کے ساتھ تیسرے ٹاپ سکورر رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے چار، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے دو، دو جبکہ صائم ایوب اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بارش کی وجہ سے میچ کو 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مبارک باد
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کرکٹ سیریز میں فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قوم کو مبارک باد دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’قومی ٹیم نے پوری سیریز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا اور سیریز کے تمام میچ اپنے نام کیے۔ امید ہے مستقبل میں بھی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘