کیا افغانستان کو عالمی موسمیاتی فنڈنگ سے نکالنا درست ہے؟

موسمیات کے سٹیج پر طالبان کی واپسی نے اس بحث کو جنم دیا ہے کہ کیا دنیا انسانی حقوق کی اقدار کی براہ راست مخالف حکومت کو تسلیم کیے بغیر افغانستان کو امداد فراہم کر سکتی ہے۔

19 فروری 2024 کو فیض آباد میں ایک برقع پوش خاتون چھتری لیے برف باری کے موسم میں جاتے ہوئے (اے ایف پی/ عمر ابرار)

افغانستان میں بدترین خشک سالی، سیلاب اور غذائی عدم تحفظ کے  پیش نظر طالبان کی جانب سے عالمی موسمیاتی فنانس تک رسائی کے مطالبے نے ایک عالمی مخمصے کو جنم دیا ہے: کیا اس سخت گیر حکومت کو شامل کرنا خواتین اور لڑکیوں پر ان کی ظالمانہ پابندیوں کو جائز قرار دینے کے مترادف سمجھا جائے گا؟

باکو میں حال ہی میں ہونے  والے کوپ 29 اجلاس میں، 2021 کے بعد پہلی بار مبصرین کی حیثیت سے شرکت کرنے والے طالبان وفد نے مستقبل کے ماحولیاتی مذاکرات میں مکمل فریق کی حیثیت سے اور بین الاقوامی ماحولیاتی فنڈز تک رسائی کے لیے اپنا کیس پیش کیا۔

نیشنل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (نیپا) کے سربراہ مطیع الحق نبی خیل نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ ’یہ ہمارے لوگوں کا حق ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے سب سے زیادہ خطرے میں ہیں۔ ہمیں [اگلے سی او پی میں] مہمانوں کے طور پر مدعو نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ مکمل شرکا کے طور پر مدعو کیا جانا چاہیے۔‘

یہ درخواست ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب افغانستان مسلسل آب و ہوا کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہا ہے۔ اس سال کے شروع میں غور اور بدخشاں میں اچانک آنے والے سیلاب نے دیہاتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جان سے گئے، ہزاروں بے گھر ہوئے اور کھیت بہہ گئے تھے۔

طویل خشک سالی کی وجہ سے ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد یعنی آبادی کا تقریبا ایک تہائی حصہ شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو گیا۔ آب و ہوا کے بحران نے اس ملک کو خشک سالی، سیلاب اور  خشک سالی کے تباہ کن چکر میں دھکیل دیا ہے، جس  کا کاربن کے عالمی اخراج میں 0.1 فیصد سے بھی کم حصہ ہے۔

موسمیات کے سٹیج پر طالبان کی واپسی نے اس بحث کو جنم دیا ہے کہ کیا دنیا انسانی حقوق کی اقدار کی براہ راست مخالف حکومت کو تسلیم کیے بغیر افغانستان کو امداد فراہم کر سکتی ہے۔ ماضی میں طالبان کی جانب سے کسی بھی طرح کی شرکت نے عالمی سطح پر مخالفت کو جنم دیا ہے۔

جب افغانستان کے حکمرانوں نے اس سال قطر میں اقوام متحدہ کے عہدیداروں سے ملاقات کے لیے اپنے نمائندے بھیجے، تو ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ یہ اقدام ’اقوام متحدہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے، جو کہ خواتین کے حقوق اور ان کی بامعنی شرکت کا حامی ہے۔‘

یہ خدشات بدستور موجود ہیں، طالبان خواتین کو عوامی زندگی سے الگ کر رہے ہیں، حتیٰ کہ حال ہی میں پیرا میڈیکل اور دائی کی تربیت جیسے کام کے آخری چند راستے بھی بند کر  دیے گئے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 2023 کی ایک رپورٹ میں طالبان کی کارروائیوں کو ’خواتین اور لڑکیوں پر مسلسل اور ٹارگٹڈ جبر‘ قرار دیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے باوجود، افغانستان کو موسمیاتی مالیات سے باہر رکھنے کا بدترین خمیازہ، جس نے موسمیاتی بحران کے بدترین اثرات کو کم کرنے والے اہم منصوبوں کو روک دیا ہے، اس کا سب سے زیادہ نقصان اس کے سب سے کمزور لوگوں کو بھی اٹھانا پڑا ہے۔

تاہم افغانستان کے ماحولیاتی فائنانس سے اخراج کے بدترین اثرات، جنہوں نے ایسے اہم منصوبے روک دیے ہیں جو ماحولیاتی بحران کے بدترین اثرات کو کم کر سکتے تھے، سب سے زیادہ اس کے لوگوں نے برداشت کیے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں اور ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی ایکشن نہ لینے کی سزا افغان عوام کو مل رہی ہے نہ کہ ان کے حکمرانوں کو۔ کرائسس گروپ کے سینیئر کنسلٹنٹ گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ ’کسی افغان خاتون کو یہ سمجھانے کی کوشش کریں کہ مدد نہ کرنے سے آپ کس طرح اس کی مدد کر رہے ہیں۔ اگر وہ اپنی فصلوں کو برباد ہوتے ہوئے دیکھتی ہیں اور ان کے بچے بھوکے رہتے ہیں، تو انہیں عالمی سیاست کی پرواہ نہیں ہے، انہیں بقا کی پرواہ ہے۔‘

اگست 2021 میں طالبان کی اقتدار میں واپسی سے قبل، ملک کو گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف) اور ایڈاپٹیشن فنڈ جیسے بین الاقوامی فنڈز تک رسائی حاصل تھی۔ تاہم، طالبان کی بین الاقوامی شناخت نہ ہونے کی وجہ سے یہ ان فنڈز تک رسائی راتوں رات رک گئی۔

سمتھ کا کہنا ہے کہ ’تقریبا 2.8 ارب ڈالر مالیت کے انفراسٹرکچر پر کام رک گیا ہے۔ پانی کے منصوبے، آبپاشی کا نظام، وہ وہاں پڑے  ہیں، صحرا میں زنگ آلود ہو رہے ہیں۔‘

فنڈنگ منجمد ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی برادری انسانی بنیادوں پر ماحولیاتی امداد کی فراہمی کے لیے اقوام متحدہ کے اداروں اور این جی اوز پر انحصار کر رہی ہے۔ تاہم، ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ یہ کوششیں، اگرچہ ضروری ہیں، ٹکڑوں میں ہیں اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے درکار ضروری پیمانے کی کمی ہے۔

ایکشن ایڈ کے افغانستان کے ڈائریکٹر سری کانت مشرا آفات سے نمٹنے کی تیاریوں میں کمی کے بارے میں بتاتے ہیں: ’غور میں ہم نے دیکھا کہ سیلاب نے پورے گاؤں کو تباہ کر دیا ہے کیوں کہ لوگوں کے پاس نکلنے کا وقت نہیں تھا۔ چیک ڈیم، فلڈ بیریئرز یا رین گیج جیسے آسان اقدامات زندگیاں بچا سکتے تھے۔ لیکن ان بنیادی چیزوں کے لیے بھی کوئی فنڈنگ نہیں ہے۔‘

مشرا کہتے ہیں کہ کمیونٹی کی تعلیم کی کمی، خاص طور پر دیہی علاقوں میں، خطرات میں اضافہ کرتی ہے۔ ’جب بارش یا برف باری ہوتی ہے، تو لوگ نہیں جانتے کہ کیا کرنا ہے۔ برادریوں کے پاس آفات کا اندازہ لگانے کے لیے کوئی اوزار یا معلومات نہیں ہیں۔‘

افغان خواتین کے لیے اس کے نتائج غیر متناسب طور پر سنگین ہیں۔ اسلامک ریلیف کی شاہین اشرف کہتے ہیں، ’جب آفات آتی ہیں، تو عورتوں کو سب سے زیادہ تکلیف ہوتی ہے۔ وہ کھانے پینے کی اشیا خریدنے کے لیے بازاروں تک نہیں جا سکتیں، اور آٹے جیسی اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ان کنبوں کا جینا اور بھی مشکل بنا دیا ہے جن کی ساری ذمہ داری عورتوں پر ہے۔‘

طالبان کی محدود تکنیکی صلاحیت اور وسائل کے باوجود انہوں نے افغانستان کے کچھ ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی کوشش کی ہے۔ کش ٹیپا کینال جیسے منصوبوں، جس کا مقصد ہزاروں لوگوں کو آبپاشی فراہم کرنا ہے، کو اہم اقدامات کے طور پر دیکھا گیا ہے۔ پھر بھی ماہرین ان کے مؤثر ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔

سمتھ کہتے ہیں کہ ’انھوں نے صحرا میں ایک خندق کھودی، لیکن تکنیکی مہارت اور مالی اعانت کے بغیر، یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس سے طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے یا نہیں۔‘

اس کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر ہم آہنگی کی ضرورت ہے، جو افغانستان میں ایک چیلنج ہے، جہاں طالبان کی بین الاقوامی تنہائی نے حکومت کو اہم مذاکرات سے باہر کر دیا ہے۔

سمتھ وضاحت کرتے ہیں کہ الگ تھلگ، چھوٹے پیمانے کے منصوبے سیلاب، خشک سالی اور پانی کے انتظام سے نمٹنے کے لیے ضروری مربوط بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی کی جگہ نہیں لے سکتے ہیں۔ ’پانی ضلعوں میں، سرحدوں کے پار بہہ رہا ہے۔ قومی منصوبہ بندی کے بغیر، ہم کیا حل کر رہے ہیں؟‘

کوپ 29 میں طالبان کی مبصر کی حیثیت ایک آغاز تھا، لیکن اگلے سال برازیل میں کوپ 30 میں مکمل فریق کا درجہ حاصل کرنا کہیں زیادہ متنازع ہو گا۔

جی سی ایف جیسے فنڈز تک رسائی کے ساتھ ایسی تسلیم کا علامتی وژن بہت سی حکومتوں کو سیاسی مشکلات میں پھنسائے گا۔

سمتھ بتاتے ہیں کہ ’مغربی فیصلہ سازوں کو رائے دہندگان اور سوشل میڈیا کے غصے کی وجہ سے جوابدہ ٹھہرایا جاتا ہے۔ اگر افغانستان میں پیسہ آتا ہے اور طالبان انفراسٹرکچر کے نئے منصوبوں پر فیتے کاٹتے  ہیں، تو اس کا ردعمل بہت زیادہ ہو سکتا ہے، بھلے ہی اس فنڈنگ سے افغانوں کی زندگیاں بچ جائیں۔‘

اس کے باوجود انسانی حقوق کی تنظیموں کا اصرار ہے کہ بین الاقوامی برادری افغانستان کے بگڑتے ہوئے ماحولیاتی بحران کو نظر انداز کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

مشرا کہتے ہیں ’یہ صرف اس بارے میں نہیں ہے کہ آفات کے وقت کیا کریں۔ یہ برادریوں کو ایک ایسے مستقبل کے لیے تیار کرنے کے بارے میں ہے جو پہلے ہی یہاں موجود ہے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، کسانوں کی مدد کرنے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں ہے۔‘

موسمیاتی بحران کے حوالے سے افغانستان کی کمزوری دہائیوں کی جنگ اور عدم استحکام کی وجہ سے مزید بڑھ گئی ہے، جس نے ہر سطح پر ادارہ جاتی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے۔ ملک بھر کے گاؤں میں، خاندانوں کو ناممکن فیصلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چونکہ قحط جاری ہے، فصلیں برباد ہو جاتی ہیں، اور سیلاب گھروں کو تباہ کر دیتے ہیں، وسائل کی کمی کی وجہ سے پورے معاشروں کے پاس آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں بچتا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا حل موجود ہے۔ اگرچہ طالبان کو براہ راست فنڈنگ سیاسی طور پر ناقابل قبول ہے، لیکن متبادل، جیسے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، این جی اوز، یا علاقائی شراکت داریوں کے ذریعے فنڈز بھیجنے سے، اہم کام کو دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔

اشرف کہتے ہیں کہ ’افغانستان کے عوام سیاسی حل کا انتظار نہیں کر سکتے۔ ہم خواتین اور بچوں کو ایسی حکومت کے اقدامات کی سزا نہیں دے سکتے جس کا انہوں نے انتخاب نہیں کیا۔‘

سمتھ کا ماننا ہے کہ توجہ نتائج پر ہونی چاہیے نہ کہ آپٹکس پر۔ ’آب و ہوا کی تبدیلی کو سیاست کی پرواہ نہیں ہے. یہ افغانستان کو کسی اور جگہ سے زیادہ سخت متاثر کر رہی ہے۔ اگر ہم افغان خواتین اور بچوں کی مدد کرنے میں سنجیدہ ہیں تو ہمیں کام کرنے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات