دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو تعمیر ہوئے 15 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقعے پر عمارت میں جائیدادوں کی قیمتوں سے متعلق تفصیل جاری کی گئی ہے۔
اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق برج خلیفہ میں جائیداد کی اوسط قیمتیں شہر بھر کی عمارتوں کی قیمتوں کے مقابلے میں 78.5 فیصد زیادہ ہیں۔
ایک بیڈ روم والے یونٹ کا سالانہ کرایہ فرنیچر اور فلور کے حساب سے ڈیڑھ سے ایک لاکھ 80 ہزار درہم کے درمیان ہے۔ یہ اعداد و شمار تازہ ترین انڈسٹری رپورٹس میں سامنے آئے۔
ریئل سٹیٹ کنسلٹنسی فرم نائٹ فرینک کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024 کے آخر میں برج خلیفہ میں جائیداد کی اوسط قیمتیں تین ہزار درہم فی مربع فٹ رہیں۔
اس کے مقابلے میں دبئی بھر میں اوسط قیمت 1680 درہم فی مربع فٹ ریکارڈ کی گئی۔
نائٹ فرینک میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے تحقیق کے سربراہ اور پارٹنر فیصل درانی نے کہا کہ ’برج خلیفہ کے دنیا کی سب سے بلند عمارت ہونے کے 15 سال ایسے وقت میں مکمل ہوئے ہیں جب دبئی کی رہائشی مارکیٹ ریکارڈ طلب اور ترقی کا تجربہ کر رہی ہے۔
’درحقیقت شہر بھر میں جائیداد کی قیمتیں 2023 کے مقابلے میں سال کے آخر تک 19.1 فیصد بڑھ گئیں۔ برج خلیفہ 12.9 فیصد ترقی کے ساتھ زیادہ پیچھے نہیں رہا۔
’یہ ایک شاندار کارنامہ ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب شہر میں فروخت کے لیے دستیاب جائیداد کی شدید کمی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کنسلٹنسی فرم کے مطابق دبئی میں 2010 سے اب تک مجموعی طور پر 1.77 کھرب درہم کی رہائشی جائیدادوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جس میں سے 0.5 فیصد برج خلیفہ کا حصہ ہے۔
کنسلٹنسی کا کہنا ہے کہ اسے آسان الفاظ میں سمجھا جائے تو گذشتہ 15 سال میں دبئی میں رہائشی جائیدادوں پر خرچ ہونے والے ہر 200ویں درہم میں سے ایک دنیا کی سب سے بلند عمارت میں حصہ داری پر خرچ ہوا۔
2010 میں افتتاح کے بعد سے برج خلیفہ نے دبئی میں گھروں کی فروخت میں 8.8 ارب درہم کا حصہ ڈالا، جو شہر کی کسی بھی ایک عمارت کے لیے سب سے زیادہ ہے۔
2024 میں برج خلیفہ میں کرایے دوبارہ 2015-2016 کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئے۔
پراپرٹی بروکریج فرم بیٹرہومز کے مطابق 2015-2016 میں ایک بیڈروم اپارٹمنٹ کا کرایہ ایک لاکھ 80 ہزار درہم سے تجاوز کر گیا۔
2024 میں ایک بیڈروم یونٹ کا سالانہ کرایہ ڈیڑھ سے ایک لاکھ 80 ہزار درہم کے درمیان رہا جو فرنیچر اور فلور پر منحصر ہے۔