داعش کو سپورٹ کرنے کے افغان الزامات پاکستان نے مسترد کر دیے

پاکستانی دفتر خارجہ نے افغانستان کی جانب سے اسلام آباد پر داعش کو سپورٹ کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر افغان حکام پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی پناہ گاہوں کے خاتمے پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان 23 جنوری 2025 کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران (دفتر خارجہ یوٹیوب چینل سکرین گریب)

پاکستانی دفترِخارجہ نے افغانستان کی جانب سے اسلام آباد پر داعش کو سپورٹ کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر افغان حکام پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی پناہ گاہوں کے خاتمے پر زور دیا ہے۔

جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا: ’پاکستان افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے افغان حکام پر زور دیتا ہے، وہاں موجود ٹی ٹی پی پناہ گاہوں کا مسئلہ انہوں نے حل کرنا ہے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا جائے، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے لیے بھی خطرناک ہے۔ افغانستان حکام کو اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ غیر ملکی اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ نہ آئے۔‘

اسلام آباد اکثر یہ دعویٰ کرتا ہے کہ پاکستانی طالبان ملک میں حملے کرنے کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتے ہیں، تاہم کابل اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے۔

’پاکستان کی ون چائنا پالیسی واضح ہے‘

وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورہ واشنگٹن کے دوران نیو فیڈرل سٹیٹ آف چائنا کی تقریب میں غلطی سے شریک ہونے کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ’پاکستان اپنی ون چائنہ پالیسی میں بالکل واضح ہے، یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔‘

’افغان پناہ گزینوں کا دوسرے ملک جانے کا معاملہ سست روی کا شکار‘

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’افغان پناہ گزینوں کا دوسرے ملک جانے کا معاملہ سست روی کا شکار ہے، ہم چاہتے ہیں کہ افغان باشندے جلد از جلد دوسرے ملک منتقل ہو جائیں۔‘

ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’پاکستان میں موجود جن افغان پناہ گزینوں نے امریکا جانا ہے، اس حوالے سے پرانی پالیسی پر ہی عمل درآمد کر رہے ہیں، ابھی اس حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔‘

مراکش کشتی حادثہ

مراکش میں رواں ماہ پیش آنے والے کشتی حادثے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’کشتی حادثے میں 22 افراد بچ گئے، مراکش حکام کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے مدد کی۔ تارکین وطن کی واپسی کے لیے سفارتخانہ مراکشی حکام سے رابطے میں ہے۔‘

’پاکستان غزہ کو رہنے کے قابل بنانے کا خواہاں‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ میں فائر بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو غزہ کی تعمیر نو کے لیے منصوبہ مرتب کرنا چاہیے۔ ’پاکستان غزہ کو رہنے کے قابل بنانے کا خواہاں ہے۔‘

شفقت علی خان کا مزید کہنا تھا کہ ’عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل سلامتی کونسل کے مطابق چاہتا ہے اور دو ریاستی حل پر زور دیتا ہے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے شام کی صورت حال کے حوالے سے کہا: ’شام کے معاملے پر پوزیشن واضح ہے، پاکستان شام میں امن کے قیام کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان صورت حال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔‘

پاکستان اور انڈیا کے درمیان قیدیوں کی رہائی

انڈیا اور پاکستان کے درمیان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہر طرح کے اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے، سفارتی محاذ پر یہ معاملہ بار بار اٹھایا جا رہا ہے، دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے قیدی موجود ہیں، یہ ایک بنیادی انسانی مسئلہ ہے، اس کو حل ہونا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’کشمیر کے مسائل کا حل اگر کسی طرح کروایا جا سکتا ہے تو ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق ملنا چاہیے۔ کشمیری قیدیوں کے حوالے سے دہلی میں ہمارا سفارت خانہ اور سفیر اس معاملے پر کام کر رہا ہے۔‘

وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’امریکہ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں۔ امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی سفیر نے کی ہے، اس سے قبل بھی حلف برداری کے موقعے پر پاکستانی سفیر ہی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ محسن نقوی امریکی دفتر خارجہ کے ذریعے نہیں گئے۔‘

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ملک ریاض کی حوالگی ممکن ہے یا نہیں، اس بارے میں تفصیلات لے کر ہی کچھ بتایا جا سکتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان