قلعہ عبداللہ میں ایف سی چوکی پر حملے کے بعد کے مناظر

انڈپینڈنٹ اردو کی ٹیم شمالی بلوچستان میں موجود تھی، جہاں سے اس نے 27 اور 28 جنوری کی درمیانی شب ہونے والے اس حملے کے مقام پر کوریج کی غرض سے دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 اور 28 جنوری 2025 کی درمیانی شب شدت پسندوں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبد اللہ کے علاقے گلستان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا (انڈپینڈنٹ اردو)

بظاہر مضبوط لیکن مخدوش داخلی دیوار، دروازے کے باہر چنگچی رکشے کی جلی ہوئی باقیات، فوجی پوسٹ کے صحن میں مارے جانے والے شدت پسندوں کے خون کے دھبے اور باہر بنے دفتری کمرے کا ٹوٹا ہوا شیشے کا دروازہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک ایف سی چوکی پر حملے کی کہانی سنا رہا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو کی ٹیم شمالی بلوچستان میں موجود تھی، جہاں سے اس نے 27 اور 28 جنوری کی درمیانی شب ہونے والے اس حملے کے مقام پر کوریج کی غرض سے دورہ کیا۔

دل میں یہ خیال بھی تھا کہ دو دن پہلے یہاں حملہ ہوا تو دوبارہ بھی کچھ ہو سکتا ہے لیکن حملے کے بعد گلستان ایف سی چوکی پر سکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور اہلکار چاک و چوبند کھڑے تھے۔

جہاں شدت پسندوں کی لاشیں گری تھیں وہاں سفید چاک سے گول دائرہ بنا دیا گیا تھا اور وہیں پر سیاہ ہوتے خون کے دھبے بھی موجود تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میجر دانیال نے اس حملے کو پسپا کرنے میں ٹیم کو لیڈ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ’چنگچی رکشے میں بارودی مواد رکھ کر ایک حملہ آور نے دروازے پر آ کر خود کو اڑا دیا۔ جب دھماکے سے گیٹ ٹوٹا تو دھول مٹی میں چار حملہ آور عمارت کے صحن میں داخل ہوئے۔ دو حملہ آور بھاگ کر لان کی جانب لپکے جبکہ دو حملہ آوروں کو داخل ہوتے ہی بیرونی دروازے کے پاس مار دیا گیا۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’جو دو اہلکار لان کی جانب بھاگے، انہیں وہیں گھیر کر مار دیا گیا اور انہیں عمارت کے اندر جانے کی مہلت ہی نہیں دی گئی۔‘

’حملہ آوروں سے امریکی ساختہ اسلحہ تحویل میں لیا گیا‘

میجر دانیال کے مطابق: ’حملہ آوروں سے امریکی ساختہ اسلحہ تحویل میں لیا گیا ہے اور حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان فتنہ الخوارج نے قبول کی ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا: ’یہ قلعہ عبد اللہ میں اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے کیونکہ اس علاقے میں پہلے کبھی دہشت گردی کا حملہ نہیں ہوا اور نہ ہی توقع تھی لیکن تھریٹ نہ ہونے کے باوجود بھی بلوچستان میں درپیش سکیورٹی خطرات کی وجہ سے ہم کسی بھی غیرمتوقع حملے کے لیے ہمہ وقت تیار ہوتے ہیں کیونکہ کبھی بھی کوئی حالات بن سکتے ہیں، اس لیے ہم ہائی مورال میں ہی ہوتے ہیں۔‘

گلستان ایف سی چوکی پر حملہ

قلعہ عبد اللہ بلوچستان کا شمال مغربی ضلع ہے۔ یہاں گلستان کے علاقے میں ایف سی بلوچستان نارتھ کی چوکی پر پیر اور منگل کی درمیانی شب حملہ کیا گیا، تاہم پاکستان فوج نے حملہ آوروں کو مار کر اسے ناکام بنا دیا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 27 اور 28 جنوری 2025 کی درمیانی شب ’خارجی دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبد اللہ کے علاقے گلستان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ‘ کرنے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، جس کی وجہ سے ’خوارج نے بارود سے بھری گاڑی چوکی کی دیوار سے ٹکرا‘ دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار جان سے گئے جبکہ دو خود کش بمباروں سمیت پانچ حملہ آور مارے گئے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان