اسرائیلی وفد فائر بندی پر بات چیت کے لیے دوحہ جائے گا

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کے دفتر نے منگل کو ایک ٹیم کی دوحہ روانگی کی تصدیق کی، جو فائر بندی پر مزید بات چیت کرے گی۔

یکم فروری، 2025 کو فائر بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے فلسطینی خان ​​یونس کے یورپی ہسپتال میں طبی معائنے کے لیے بسوں پر پہنچ رہے ہیں (اے ایف پی)

اسرائیل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک اعلیٰ سطحی وفد بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ غزہ میں فائر بندی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے بات چیت کی جا سکے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کے دفتر نے منگل کو وفد کی دوحہ روانگی کی تصدیق کی۔

ابتدائی معاہدے کے تحت، جس کے نتیجے میں 42 روزہ فائر بندی اور اسرائیلی قیدیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی تھی، مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا آغاز منگل سے ہونا ہے۔

اس مرحلے میں لڑائی کے ممکنہ اختتام کی راہ ہموار کرنے پر بات چیت بھی ہو سکتی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت پر ہوئی، جب اسرائیلی وزیرِاعظم واشنگٹن میں نئی ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ حماس کے ساتھ فائر بندی کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کے لیے موجود ہیں، جو تاحال حتمی شکل نہیں پا سکا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فائر بندی کے نفاذ کے دو ہفتے بعد حماس حکام نے کہا ہے کہ گروپ دوسرے مرحلے کی تفصیلات پر بات چیت شروع کرنے کے لیے تیار ہے، جو پائیدار امن کے قیام میں مدد دے سکتا ہے۔

اسرائیل سے امریکہ روانگی سے قبل نتن یاہو نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ٹرمپ سے ملاقات میں ایران کے خلاف اقدامات اور تمام قیدیوں کی بازیابی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ جنوری میں وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد صدر ٹرمپ کی کسی غیرملکی رہنما سے پہلی ملاقات ہو گی جسے نیتن یاہو نے ’اسرائیل-امریکہ اتحاد کی مضبوطی‘ کی علامت قرار دیا۔

غزہ اور لبنان میں فائر بندی برقرار رہنے کے بعد اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائی کر رہا ہے جس میں درجنوں فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

15 ماہ کی جارحیت کے بعد فائر بندی معاہدے کا کریڈٹ لینے والے ٹرمپ نے اتوار کو کہا تھا کہ اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں۔

تاہم انہوں نے بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ انہیں ’کوئی یقین دہانی نہیں کہ امن برقرار رہے گا۔‘

نتن یاہو کے دفتر کے مطابق وہ پیر کو ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ کے ایلچی سٹیو وٹکوف کے ساتھ غزہ فائر بندی کے دوسرے مرحلے کی شرائط پر بات چیت کا آغاز کریں گے۔

وٹکوف نے کہا کہ انہیں ’یقیناً امید ہے کہ فائر بندی برقرار رہے گی۔‘

اگلے مرحلے میں باقی اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پر غور کیا جائے گا اور یہ جنگ کے زیادہ مستقل خاتمے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا