سعودی عرب کی ایئر لائن ’فلائی اے ڈیل‘ کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی

پاکستانی حکام کے مطابق نئی سعودی ایئر لائن ہر ہفتے جدہ اور ریاض سے کراچی کے لیے ایک، ایک پرواز چلائے گی۔

سعودی عرب کی ایئر لائن ’فلائی اے ڈیل‘ نے پاکستان کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا، جس کے تحت اس کی پہلی پرواز ہفتے کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی۔

پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ہفتے کی صبح آٹھ بجے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے والی فلائی اے ڈیل کی پہلی پرواز (F3-661) کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔  

پی اے اے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ سعودی ایئر لائن کراچی کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گی، جو سعودی دارالحکومت ریاض کے علاوہ جدہ سے اڑیں گی۔

فلائی اے ڈیل کی کراچی پہنچنے والی پہلے فلائٹ ریاض سے اڑی تھی۔

ایوی ایشن سکیورٹی کے ترجمان شاہد قادر نے اس سے قبل انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ ’سعودی عرب کی نئی ایئر لائن کے پاکستان آنے سے مسافروں کو براہ راست سفر کی ایک اور سہولت میسر ہو جائے گی۔ نئی ایئرلائن سے پاکستان میں نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ ابتدا میں فلائی اے ڈیل کی ہفتے میں چار پروازیں ہوں گی۔ ’دو لاہور سے اور دو کراچی سے۔ یہ تیسری سعودی ایئر لائن ہو گی جو پاکستان کے لیے آپریشنل ہو گی۔

’دونوں روٹس کے لیے ایئربس A320 ہوائی جہاز استعمال ہوں گے۔ اس کے علاوہ سعودی ایئر لائن اور فلائی ناس پہلے سے ہی آپریشنل ہیں، جن کی پروازوں کی فریکوئنسی بھی ہفتہ وار چل رہی ہے۔‘

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پہلے ہی فلائی اے ڈیل کو پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت دے چکی ہے۔

ٹکٹ فروخت کرنے والی ایک نجی کمپنی سے منسلک فرقان میمن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عمرے کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست ہیں، اس لیے ان کے بقول ’فلائی ڈیل نے اپنا نیا بزنس روٹ ڈھونڈا ہے۔

’اس ایئر لائن کے آنے سے ایک فائدہ یہ ہے کہ ’اس وقت عمرہ سیزن چل رہا ہے اور پاکستانیوں کو ایک نئی ائیر لائن دستیاب ہو سکے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا