رویندرا زخمی، انڈین شائقین کا لاہور سٹیڈیم کی لائٹس پر الزام

نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر رچن رویندرا پاکستان کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے، جس کے بعد انڈین میڈیا اور انڈین شائقین ان کے زخمی ہونے کا الزام قذافی سٹیڈیم کی لائٹس کو دے رہے ہیں۔

آٹھ فروری، 2025 کی اس تصویر میں کیوی آل راؤنڈر رچن رویندرا لاہور میں پاکستان کے خلاف میچ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہونے کے بعد میدان میں بیٹھے ہیں(اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر رچن رویندرا گذشتہ روز پاکستان کے خلاف سہہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے، جس کے بعد انڈین میڈیا اور انڈین شائقین ان کے زخمی ہونے کا الزام قذافی سٹیڈیم کی لائٹس کو دے رہے ہیں۔

25 سالہ کیوی کھلاڑی ڈیپ سکوائر لیگ پر فیلڈنگ کر رہے تھے جب انہوں نے پاکستانی بلے باز خوشدل شاہ کو آؤٹ کرنے کے لیے کیچ پکڑنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے ماتھے سے ٹکرا کر زمین پر گر گئی۔

بظاہر ایسا دکھائی دیا کہ رچن رویندرا گیند کو ٹھیک سے دیکھ نہیں سکے اور گیند ان کے سر پر لگنے سے رویندرا کے سر سے خون بہنے لگا، جس پر وہ چکرا کر بیٹھ گئے۔

اس دوران جب کیمرہ مین نے پاکستانی تماشائیوں کو دکھایا تو زیادہ تر افراد دم سادھے پریشان دکھائی دیے۔

پھر رچن رویندا جب میدان سے باہر جانے لگے تو تماشائیوں نے تالیاں بجا کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔

میچ کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان نے کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کو بتایا کہ ’رویندرا کو کیچ لینے کی کوشش کے دوران گیند سر پر لگنے کے بعد میدان سے باہر جانا پڑا۔

’ان کے ماتھے پر زخم تھا جس کا گراؤنڈ پر ہی علاج کیا گیا، اور وہ اب ٹھیک ہیں۔ ان کا پہلا ہیڈ انجری اسیسمنٹ (ایچ آئی اے) اچھا رہا، اور اب انہیں ایچ آئی اے کے عمل کے تحت مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔‘

تاہم رچن رویندرا کی اس انجری پر پڑوسی ملک انڈیا کا میڈیا اور تماشائی قذافی سٹیڈیم کی لائٹس اور انتظامات کو الزامات دیتے رہے۔

کوہلی فار ایور نامی صارف نے لکھا کہ ’آئی سی سی نے پاکستان کو بین الااقوامی میچ کی میزبانی کی اجازت کیسے دی۔ آئی سی سی کھلاڑیوں کی حفاظت یقینی بنائے۔‘

ایک اور انڈین صارف انشول نے لکھا کہ ’پاکستان میں فلڈ لائٹس کے خراب انتظامات کی وجہ سے فیلڈرز کو گیند دکھائی نہیں دے رہی۔‘

اسی طرح انڈین اخبار اکنامک ٹائمز انڈیا ٹائمز نے بھی اپنی شہ سرخی میں رچن رویندرا کی انجری کا ذمہ دار ’خراب لائٹس‘ کو قرار دیا۔

پاکستانی صارف عامر حسین نے لکھا کہ ’کسی بھی کھلاڑی کو چوٹ لگتے دیکھنا تکلیف دہ ہے، خاص طور پر اگر آپ رچن رویندرا جتنے باصلاحیت کو محنتی ہوں۔ ہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے پر امید ہیں۔‘

ان کے علاوہ بھی کئی پاکستانی اور کرکٹ شائقین نے رچن رویندرا کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ