پاکستان اور دبئی میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کے ایک روزہ کرکٹ مقابلے چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے میں نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
انڈیا اس سے قبل پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔
نیوزی لینڈ نے سوموار کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کا 236 رنز کا ہدف 46.1 اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
اس سے قبل ایک انتہائی معمولی امکان تھا کہ اگر بنگلہ دیش انڈیا اور نیوزی لینڈ دونوں کو ہرا دے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ اس سے قبل پاکستان اپنے گروپ کا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے بھاری مارجن سے ہار گیا تھا۔
جب کہ اتوار کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے پاکستان کو باآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی تھی۔ اس میچ کے بعد پاکستان ٹیم کو شائقین اور سابق کرکٹروں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بنگلہ دیش نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے 50 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے، جس کی خاص بات کپتان نجم الحسن شانتو کے 77 رنز تھے۔
ان کے علاوہ ذاکر علی 45 رنز بنا کر دوسرے نمایاں سکورر رہے۔ مائیکل بریسول نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں اس کارکردگی پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔
اس کے جواب میں نیوزی لینڈ کے رچن روندرا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 105 گیندوں پر 112 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس کے باعث بنگلہ دیش کی عمدہ بولنگ کے باوجود نیوزی لینڈ کو ہدف کے تعاقب میں زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
بنگلہ دیش نے سخت مقابلہ کیا اور صرف 15 رنز پر نیوزی لینڈ کی دو وکٹیں گرانے میں کامیاب رہے، جن میں کین ولیمسن کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی، مگر رچن روندرا کی سینچری نے میچ کو بنگلہ دیش کی پہنچ سے دور کر دیا۔
پاکستان اس ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔