برطانیہ میں کرونا (کورونا) وائرس کی ایک نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے تمام فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے ہونے والے داخلوں کو معطل کر دیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق: 'سلطنت کی جانب سے یہ پابندی عارضی طور پر ایک ہفتے کے لیے عائد کی گئی ہے جس کو مزید ایک ہفتے تک بڑھایا جا سکتا ہے۔'
بیان میں مزید کہا گیا اس معطلی کا اطلاق سعودی عرب میں موجود بین الااقوامی پروازوں پر نہیں ہوتا اور انہیں ملک سے جانے کی اجازت دی جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ پیش رفت ایک ایسے موقعے پر سامنے آئی ہے جب کئی یورپی ممالک نے اتوار کو برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی بے قابو ہونے کی اطلاعات کے بعد برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپ سے سعودی عرب آنے والے مسافر جو آٹھ دسمبر کے بعد سے سعودی عرب میں داخل ہوئے ہیں انہیں دو ہفتے کے لیے قرنطینہ اور ٹیسٹ کروانا ہو گا۔
سعودی عرب کے علاوہ کویت نے بھی اتوار سے برطانیہ سے آنے والے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
یورپ بھر میں برطانیہ میں وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد سے تشویش پائی جاتی ہے۔ یہ قسم وائرس کی پہلی قسم کے مقابلے میں زیادہ جلدی پھیل سکتی ہے۔ یاد رہے کہ یورپ میں اب تک کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں فائز بائیو این ٹیک کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد سے کرونا ویکسینیشن کا تین مراحل پر مبنی پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں اب تک کرونا کے تین لاکھ 61 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی چھ ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب اور کویت کے علاوہ دنیا بھر کے کئی ممالک بشمول یورپی ممالک نے بھی برطانیہ سے آنے والی پروازوں سمیت سمندری اور زمینی سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فرانس نے برطانیہ سے آنے والی ریل سمیت ہر قسم کے فضائی، سمندری اور زمینی سفر پر اتوار کی رات سے 48 گھنٹوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ جرمنی کی جانب سے بھی برطانیہ کے ساتھ فضائی سفر پر 31 دسمبر تک کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے اور صرف کارگو پروازوں کو سفر کی اجازت دی گئی ہے۔
اٹلی کی حکومت کے نے بھی برطانیہ سے آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اٹلی میں برطانیہ سے آنے والے پہلے سے موجود افراد کے لیے ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
آئر لینڈ نے بھی برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر 48 گھنٹوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
ان ممالک کے علاوہ فن لینڈ، سوئٹزرلینڈ، لتھوانیا، لٹویا، ایستونیا، بلغاریہ، اسرائیل، رومانیہ، کروشیا، ایران نے بھی مختلف مدت کے لیے برطانیہ سے آنے والی پروزوں پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ آسٹریا اور سویڈن میں اس حوالے سے جلد فیصلہ متوقع ہے۔
جبکہ ترکی اور اسرائیل کی جانب سے برطانیہ کے ساتھ ساتھ ڈنمارک اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔