سعودی وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور بھارت سمیت بیس ممالک کے شہریوں کے سعودی عرب آنے پر عارضی پابندی لگادی گئی ہے۔
پابندی پرعمل درآمد بدھ تین فروری 2021 سے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ پابندی کرونا وائرس کی نئی لہر کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ 13 جنوری 2021 کو فیصلہ کیا گیا تھا کہ کووڈ 19 کی وبا کے جاری رہنے کی وجہ سے مقامی شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت داخلہ نے نئی تبدیلیوں کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ سعودی شہریوں، سفارتکاروں، صحت کارکنان اور ان کے اہل و عیال کے سوا کسی کو بھی تین فروری 2021 بدھ کو رات نو بجے سے سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی 20 ممالک سے آنے والوں پر لگائی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان ممالک میں ارجنٹائن، امارات، جرمنی، امریکہ، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، مصر، انڈیا اور جاپان شامل ہیں۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق پابندی کے باعث کوئی مسافر پاکستان سے سعودی عرب سفر نہیں کرسکے گا۔
پابندی کے اطلاق سے قبل پی آئی اے کی پروازیں سیالکوٹ سے دمام، ملتان تا مدینہ اور اسلام آباد سے ریاض تک معمول کے مطابق چلیں گی۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کو واپس لانے کیلئے پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جو مسافر پاکستان تا سعودی عرب پروازوں پر بک تھے ان کی بکنگ پابندی کے خاتمے تک ملتوی کی جا رہی ہے جو پابندی ختم ہوتے ہی بحال کر دی جائے گی۔