پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک ہی خاندان کے تین سے تیرہ سال تک کی عمر کے بچے طبلہ بجانے کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔
یہ بچے کم عمر ہونے کے باوجود بڑی مہارت سے طبلہ نوازی کا فن سیکھ رہے ہیں۔ ان بچوں کے آباؤاجداد بھی طبلہ نوازی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
میوزک اکیڈمی کے مالک ضیاالحق کے مطابق ان تمام بچوں کے نام طبلہ نوازی کے فن سے جڑے بڑے ناموں کے ساتھ وابستہ ہیں کیوں کہ ان کے والد،چچا یا بڑے بھائی ملک کے معروف گلوکاروں کے ساتھ اب بھی طبلہ بجاتے ہیں، اور کئی مشہور گانوں میں ان کے طبلے کی آواز بھی شامل ہوتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ضیا کے مطابق ہادیہ ہاشمی نامی گلوکارہ بچی بھی انہی کی اکیڈمی سے تربیت حاصل کر چکی ہیں۔ جس طرح وہ اپنی آواز کا جادوجگا کر موسیقی کی دنیا میں اپنے فن کا لوہا منوارہی ہیں، ضیا کے مطابق ان بچوں کا بینڈ بھی جلد ہی طبلہ نوازی کی دنیا میں گونجتا سنائی اور دکھائی دے گا۔
ان کے مطابق یہ بچے روزانہ دو گھنٹے تک طبلہ نوازی کا ریاض کرتے ہیں اور وہ انہیں تربیت دیتے ہیں۔ یہاں انہیں جدید انسٹرومنٹس کی تربیت بھی دی جاتی ہے تاکہ مستقبل میں جدت کے ساتھ وہ اپنے فن کو پروان چڑھا سکیں۔