پشاور زلمی کے فاسٹ بولر عمید آصف بھی پاکستان سپر لیگ کو بولنگ کے لحاظ سے دنیا کی بہترین بولنگ لیگ سمجھتے ہیں۔
فاسٹ بولر عمید آصف جو اس سے قبل کراچی کنگز کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں کا کہنا ہے کہ کئی غیرملکی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کو بولنگ کے اعتبار سے بہترین لیگ مانتے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے عمید آصف نے کہا کہ ’میں نے شین واٹسن کو خود یہ کہتے سنا کہ پاکستان سپر لیگ میں بولنگ کا معیار بہت بلند ہے۔‘
عمید آصف کہتے ہیں کہ یہی وجہ ہے کہ جتنے بھی غیرملکی کرکٹرز یہاں آتے ہیں انہیں سکور کرنے میں مشکل ہوتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وہ کہتے ہیں کہ ہر سال وہ میدان میں اترنے سے قبل اپنے لیے ٹارگٹ سیٹ کرتے ہیں۔ ’اس مرتبہ بھی ٹارگٹ سیٹ کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے یہ موقع ہے جہاں اچھا پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں جگہ بنائی جا سکتی ہے۔‘
عمید آصف وکٹ لینے کے بعد منفرد انداز کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ وہ جب بھی کسی بلے باز کو آؤٹ کرتے ہیں تو اپنی شرٹ کو اپنے چہرے پر ڈال دیتے ہیں۔
تو ان سے یہی سوال کیا گیا کہ اب کی بار میدان پر شائیقین کی تعداد بہت کم ہے تو انہیں کیسا لگ رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ’جب فل ہاؤس ہوتا ہے تو اس کا مزہ ہے الگ ہوتا ہے، لیکن پھر بھی جتنے بھی شائیقین میدان میں آئیں گے اچھا ہی ہوگا۔
ٹکٹوں کے لیے دوستوں یا رشتہ داروں کی جانب سے مطالبے کے سوال پر عمید آصف نے کہا کہ ’ابھی تک تو کوئی کال نہیں آئی، چونکہ سارے رشتہ دار لاہور میں ہیں تو دیکھتے ہیں جب وہاں میچز شروع ہوں گے تو کیا ہوتا ہے۔