’جنرل منظور پشتین‘: پی ٹی ایم سربراہ کو گارڈ آف آنرز پر تبصرے

پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو وزیرستان کے ایک نجی سکول کی جانب سے گارڈ آف آنرز دیئے جانے پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔

منظور پشتین نے  تقریب میں شرکت کرکے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے(سکرین گریب)

پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو وزیرستان کے ایک نجی سکول کی جانب سے گارڈ آف آنرز دیئے جانے پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔

اس تقریب کا اہتمام دو روز قبل جنوبی وزیرستان کے علاقے بروند کے ایک نجی سکول میں ’یوم والدین‘ کی مناسبت سے کیا گیا تھا۔

مذکورہ تقریب میں شامل زوہیب پشتین نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’یہ سکول کی سالانہ تقریب تھی جس میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو انعامات دیے جاتے ہیں۔‘

اس سال سکول انتظامیہ نے پی ٹی ایم سربراہ کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا تھا، جنہوں نے تقریب میں شرکت کرکے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے جبکہ منظور پشتین کو طلبہ کی جانب سے آرمی اور پولیس کی طرز پر گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا گیا۔

سکول کے پرنسپل شاہ فیصل کون ہیں؟

جس سکول میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، اس کے پرنسپل کا نام شاہ فیصل ہے اور وہ خود پی ٹی ایم کے سرگرم کارکن ہیں۔ اس سکول میں تقریباً 270 طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

شاہ فیصل کو 2019 میں پاکستانی اداروں اور ملک کے خلاف تقاریر اور جلسے منعقد کرنے پر گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہ فیصل کے خلاف 2018 میں غداری اور ملک میں نفرت پھیلانے کا ایک مقدمہ بھی درج ہے۔ اسی مقدمے میں شاہ فیصل کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان کی عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور ان کو آٹھ اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی آئی خان سٹی تھانے کے اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 2018 کے مقدمے میں عدالت کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔

تقریب میں شرکت کرنے والے شاہ فیصل کے دوست زوہیب حسن نےانڈپیںڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اس وارنٹ گرفتاری کا سکول میں تقریب منقعد کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ یہ پرانا مقدمہ ہے، جس کے سلسلے میں گرفتاری کا وارنٹ جاری ہوا ہے۔‘

زوہیب نے بتایا: ’چونکہ سکول کے پرنسپل شاہ فیصل پی ٹی ایم کے کارکن ہیں، اس لیے وہ تقاریب میں پی ٹی ایم کے رہنماؤں کو بلاتے رہتے ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر لوگ اس تقریب کی ویڈیوز شیئر کرکے اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

لونگین خان نامی ایک صارف نے گارڈ آف آنرز کو فوج سے تشبیہ دے کر لکھا: ’جنرل منظور پشتین۔‘

جان نثار خان نے لکھا: ’منظور پشتین فوج کو گالیاں بھی دیتے ہیں اور فوجی طرز پر گارڈ آف آنرز بھی پسند کرتے ہیں۔‘

ایک اور صارف صادق رحمان نے لکھا کہ منظور پشتین کو سکول میں سیاست نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ پاکستان کے وزیراعظم نہیں ہیں کہ انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا جارہا ہے۔

ثنا اللہ اچکزئی نے اپنی ٹویٹ میں منظور پشتین کی ویڈیو شیئر کرکے لکھا: ’غریبوں کا وزیراعظم‘۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل