پی ٹی وی کو ایچ ڈی کرنے کے منصوبے میں ڈھائی ماہ کی تاخیر

فواد چوہدری نے اپریل میں ایک ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ یکم جون سے پاکستان ٹیلی ویژن کو ایچ ڈی پر منتقل کرنے کا کام مکمل ہو جائے گا۔

تصویر: اے ایف پی

پاکستان ٹیلی ویژن کو ایچ ڈی کرنے کے منصوبے میں تاخیر ہو گئی ہے اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق اب یکم جون کی بجائے اس منصوبے کا آغاز 18 اگست سے ہو گا۔

فواد چوہدری نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ لانچ سے پہلے ہی ٹیسٹ ٹرانسمشن بھی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شیڈیول میں تبدیلی کر دی گئی تھی اس لیے ابھی آرام سے کام کر رہے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے جب سوال کیا کہ 18 اگست کی تاریخ ہی کیوں چنی گئی، تو فواد چوہدری نے کہا کہ ’18 اگست کو حکومت کے تین سال پورے ہو جائے گے تو اس دن کی مناسبت سے افتتاح کیا جائے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’پی ٹی وی نیوز ایچ ڈی ہونے کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔ اگلے دو تین دن میں ایچ ڈی مکمل ہو جائے گی اور ٹیسٹ نشریات شروع کر دیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ریڈیو کو بھی ڈیجیٹل کر رہے ہیں۔ ریڈیو میں پوڈ کاسٹ سروسز اور انٹرنیٹ سروسز بھی ڈیجیٹل کر دی جائیں گی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’نہ صرف پی ٹی وی نیوز بلکہ پی ٹی وی ہوم کو بھی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ پی ٹی وی نیوز کاپروجیکٹ رواں ماہ دس جون تک مکمل ہو جائے گا اور پی ٹی وی ہوم یکم جولائی تک مکمل ہو گا۔ انہوں نےکہا کہ پروگرامنگ بھی ساری نئی کرنی ہے۔‘

واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ’وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا جو سلسلہ 2018 میں شروع کیا تھا اسے وہیں سے دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیوز کو ایچ ڈی کرنے کا جو منصوبہ 2019 سے زیر التوا تھا اسے بھی مکمل کریں گے۔‘

فواد چوہدری نے جب رواں سال اپریل میں وزارتِ اطلاعات کا قلم دان سنبھالا تھا تو انہوں نے ایک ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ ’#PTVNews کو HD کرنے کا منصوبہ جو 2019 سے التواء میں تھا یکم جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے انشاللہ یکم جون سے #PTVNews مکمل HD پر چلا جائے گا۔‘

فواد چوہدری جب حکومت کے آغاز میں وزیر اطلاعات بنے تو انہوں نے سرکاری ٹی وی کی اصلاحات کا سلسلہ شروع کیا تھا لیکن اپریل 2019 میں انہیں تبدیل کر کے وزارت سائنس کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا۔ رواں برس انہیں دوبارہ اطلاعات و نشریات کا قلمدان واپس مل گیا جس کے بعد انہوں نے اپنے پہلے سے شروع کیے ہوئے پروجیکٹس کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایچ ڈی نشریات سے کیا مراد ہے؟

ایچ ڈی یعنی ہائی ڈیفینیشن ٹیلی ویژن سے مراد عام نشریات کے مقابلے پر پانچ گنا زیادہ ریزولیوشن ہے۔ پاکستان میں اس وقت سات کے قریب چینل ایچ ڈی ہیں، جن کی ریزولیوشن 1280 ضرب 720 ہے، جب کہ زیادہ تر ٹیلی ویژن 480 کی ریزولیوشن پر چل رہے ہیں۔

ایچ ڈی ریزولیوشن کا فائدہ یہ ہے کہ اس میں تصویر زیادہ واضح اور رنگ زیادہ شوخ ہوتے ہیں، جب کہ آواز بھی زیادہ بہتر آتی ہے۔  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان