سام سنگ نے منگل کی رات دو فولڈ ہونے والے موبائل فون لانچ کر دیے ہیں جن کے نام گیلیکسی زی فلپ 3 اور گیلیکسی زی فولڈ 3 ہیں۔
فولڈ ہونے والے فون موبائل انڈسٹری میں نئے ٹرینڈ کی نشان دہی کر رہے ہیں اور سیم سنگ کے علاوہ بھی کئی کمپنیوں نے ایسے فون متعارف کروائے ہیں جنہیں مختلف طریقوں سے تہہ کیا جا سکتا ہے اور تہہ ہونے کے بعد فون کا سائز آدھا رہ جاتا ہے۔
فولڈ 3 بڑا اور مہنگا فون ہے اور یہ سٹائلس کے ساتھ آتا ہے۔ اس کی مرکزی سکرین 7.6 انچ کی ہے، جب کہ فولڈ ہونے کے بعد باہر بھی ایک سکرین دی گئی ہے۔ اس فون کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سیلفی کیمرے کا کٹ آؤٹ نہیں ہے بلکہ کیمرا سکرین کے نیچے چھپا ہوا ہے۔ یہ کیمرا صرف چار میگا پکسل کا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ویڈیو کالز کرنا ہے، اور اس مقصد کے لیے یہ کافی ہے۔
اس طرح سیم سنگ پہلی بڑی فون کمپنی بن گئی ہے جس نے سکرین کے نیچے کیمرا دیا ہے۔
یہ سیم سنگ کی جانب سے فولڈ ہونے والا چوتھا فون ہے، تاہم پہلی بار اس فون کو آئی پی ایک 8 کا درجہ دیا گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ فون واٹر پروف ہے اور اسے پانی میں آدھے گھنٹے کے لیے ڈبویا جا سکتا ہے۔
اس سے پہلے فولڈ ہونے والے فون واٹر پروف نہیں ہوا کرتے تھے کیوں کہ جہاں سکرین فولڈ ہوتی ہے، وہاں سے پانی داخل ہونے کا امکان ہوتا تھا۔
اس فون میں کوالکوم کی سنیپ ڈریگن 888 چپ استعمال کی گئی ہے اور اس کی ریم 12 جی بی ہے، جب کہ سٹوریج 256 اور 512 جی بی ہے۔
اس میں سیلفی کیمرے کے علاوہ چار کیمرے اور ہیں۔ پیچھے لگے تین کیمرے دیکھنے میں فولڈ زی 2 ہی کی طرح کے ہیں، اس کے علاوہ کور سکرین پر ایک کٹ آؤٹ کیمرا بھی دیا گیا ہے۔
فون کی قیمت 1799 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فولڈ فلپ 3
فولڈ فلپ 3 چھوٹا فون ہے، جس کی قیمت 999 ڈالر رکھی گئی ہے۔ کھلنے کے بعد اس کی مرکزی سکرین 6.7 انچ کی ہو جاتی ہے، جب کہ اس میں آٹھ جی بی ریم اور سٹوریج 128 جی بی فراہم کی گئی ہے۔ اپنے بڑے بھائی فولڈ 3 کی طرح اس فون میں بھی سنیپ ڈریگن کی 888 چپ دی گئی ہے اور فائیو جی بھی دستیاب ہے۔ یہ فون بھی واٹر پروف ہے۔
فولڈ ہونے کے بعد باہر بھی ایک چھوٹی سکرین ملتی ہے، جس پر وقت اور نوٹیفیکیشنز چیک کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تصاویر لیتے ہوئے اس چھوٹی سکرین کو بطور ویو فائنڈر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یو ٹیوب پر ٹیکنالوجی کے زیادہ تر تجزیہ کار اس چھوٹے فون کو زیادہ پسند کر رہے ہیں۔ معروف ٹیکنالوجی یوٹیوبر مارکیز براؤنلی نے قیاس آرائی کی کہ یہ وہ پہلا تہہ ہونے والا فون ہو سکتا ہے جو بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے۔
تاہم ایک اور موبائل فون تجزیہ کار ’مسٹر ہو از دا باس‘ نے ان فولڈیبل فونز کے کیمروں کے معیار پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہر موبائل کمپنی کوشش کرتی ہے کہ اس کے نئے فون میں بہتر سے بہتر کیمرا ہو، جس میں زیادہ میگا پکسل، لیزر فوکس، بڑا سینسر، سٹیبلائزیشن وغیرہ جیسی خصوصیات ہوں۔ لیکن اس فون کے کیمرے بناتے وقت ایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور تقریباً وہی کیمرا دیا گیا ہے جو پچھلے فون میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی شادی کے لیے انتہائی مہنگا تین تہوں والا کیک بنائے مگر پھر خرچہ بچانے کے لیے دکان سے بنی بنائی سستی فلنگ لے آئے۔