آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پہلے سے اعلان کردہ پاکستانی سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
یہ تبدیلیاں پاکستان میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں کارکردگی کی بنیاد پر کی گئیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی طور پر اعظم خان، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
اعظم خان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین اور سابق کپتان سرفراز احمد کو جبکہ حیدر علی اور فخر زمان کو بھی پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر اعلان کردہ سکواڈ کے ٹریول ریزرو میں موجود فخر زمان کو خوشدل شاہ سے تبدیل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ایونٹ کا آغاز 24 اگست کو بھارت کے خلاف میچ سے کرے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اس حوالے سے کہا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم منیجمنٹ کی مشاورت سے سکواڈ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تینوں کھلاڑیوں کی شمولیت سے سکواڈ کو مزید توازن ملے گا۔
محمد وسیم نے کہا کہ انہیں اعظم خان، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کی مایوسی کا اندازہ ہے تاہم سرفراز احمد، حیدر علی اور فخر زمان نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بہتر کھیل پیش کیا ہے۔
پندرہ رکنی قومی سکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، صہیب مقصود،
ٹریولنگ ریزرو:
خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر۔