اپنی بہترین کارکردگی سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اتوارکی شب پاکستان کو بھارت کے خلاف تاریخی فتح دلوانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ یہ فتح ’صرف شروعات‘ ہے اور ٹیم کو اس پر اپنا اعتماد قائم کرنا ہوگا۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے پاکستان کے ہاتھوں گذشتہ شب 10 وکٹس سے شکست کے بعد کہا کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ بھارت ’باونس بیک‘ کرے گا۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے میچ میں فتح کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اور محمد رضوان نے پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت جیت سے ہمکنار کیا۔
بھارت کو اب 31 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کیھلنا ہے جس پر ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے امید ظاہر کی کہ ایک ہفتے کے وقفے سے ٹیم کو افاقہ ہوگا۔
کوہلی نے جنہوں نے پاکستان کے خلاف میچ میں 57 رنز بنائے تھے نامہ نگار کو بتایا کہ ’میرے خیال میں یہ ہر طرح سے بالکل ٹھیک رہا ہے۔ ہم نے ایک بھرپور سیزن کھیلا ہے۔ ہم نے آئی پی ایل کھیلا ہے جو کہ بذات خود ہائی آکٹین ایونٹ ہے اور پھر ہم ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔ تو یہ بڑے جھٹکے ہم کو بطور ٹیم مدد کرینگے کہ ہم اپنی جسمانی حالت کو بہترین رکھیں تاکہ ایسے سنسی خیز ٹورنامنٹس میں رہ سکیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی بولر شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی کے معترف کوہلی بولے کہ ’ٹی 20 میں آپ کو اچھے عملدرآمد کی ضرورت ہوتی ہے نئی بال سے وکٹ حاصل کرنے کے لیے اور [شاہین] نے وہ کر دکھایا ہے۔‘
کوہلی نے اس بات کو مسترد کیا کہ پاکستان کے خلاف وہ ضرورت سے زیادہ پراعتماد تھے۔
ان کے مطابق: ’آپ وہاں جا کر کسی چیز کو ہلکا نہیں لے سکتے، خاص طور پر پاکستان جیسی ٹیم کو جو دنیا میں کسی کو بھی ہرا سکتے ہیں اگر ان کا دن ہو۔‘
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو پہلی بار 10 وکٹس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ بھی روایتی حریف پاکستان کے خلاف۔
راونڈ روبن سپر 12 مرحلے میں شاندار فتح کے بعد بابر اعظم نے کہا: ’یہ صرف شروعات ہے، ہمیں اب اس جیت پر اپنا اعتماد قائم کرنا ہے۔ یہ ہمارے ساتھ ہی رہے گی۔ ہم پر بہت پریشر نہیں تھا، ہم بھارت کے خلاف ریکارڈ بنانے کے بارے میں نہیں سوچ رہے تھے۔‘
The captain and head coach address the players after Pakistan's historic win over India. #WeHaveWeWill pic.twitter.com/Laww5iTMzX
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 24, 2021
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین کا کہنا تھا: ’ہمیں پتہ تھا کہ ہمیں یہ گیم جیتنا ہے کیونکہ ہم نے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میں میچ نہیں جیتا، تو یہ بہت خوش آئیند تھا۔‘
’کوہلی ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں اس وجہ سے وہ پہلا سپیل برداشت کرگئے مگر مجھے معلوم تھا کہ وہ بابر کی طرح کھیلتے ہیں اس لیے میں نے ایسی بولنگ کی جیسے نیٹ میں بابر کے خلاف کرتا ہوں۔‘
پاکستان اب شارجہ میں منگل کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا اور 29 اکتوبر کو افغانستان کے مد مقابل ہوگا۔