اوبر سے چرس منگوانے کی سہولت اور کلاشنکوف گاڑیاں

اس ہفتے ٹیکنالوجی کی دنیا کی اہم پیش رفتوں پر ایک نظر۔

اوبر ایٹس کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں صارفین کو چرس کا آرڈر دینے کی اجازت دے رہی ہے (اے ایف پی)

اس ہفتے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہونے والی اہم پیش رفتوں پر ایک نظر۔

اسرائیل: جاسوس سافٹ ویئرز خریدنے والے ملکوں کی فہرست میں کٹوتی

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیل نے ایسے ممالک کی فہرست میں ترمیم کی ہے جو اس کی سائبر ٹیکنالوجیز خریدنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔

یہ قدم اسرائیلی فرم این ایس او گروپ کے ہیکنگ ٹول کے ممکنہ غلط استعمال پر پیدا ہونے والی عالمی تشویش کے بعد اٹھایا جا رہا ہے۔

روئٹرز نے اسرائیلی اخبار کالکالسٹ فائنینشل کی جمعرات کو شائع ہونے والی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ سائبر ٹیکنالوجیز خریدنے والے ملکوں کی فہرست میں پہلے 102 نام تھے جو کٹوتی کے بعد صرف 37 رہ گئے ہیں۔

اخبار نے اپنی خبر کے ذرائع ظاہر نہ کرتے ہوئے مزید بتایا کہ جو ملک آئندہ اسرائیل کی سائبر ٹیکنالوجی خریدنے کے اہل نہیں ہوں گے ان میں میکسیکو اور مراکش وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

اسرائیل پر اپنے جاسوسی سافٹ ویئرز کی برآمد کے حوالے سے رواں جولائی سے دباؤ ہے جب عالمی میڈیا تنظیموں کے ایک گروپ نے این ایس او کے پگیسس ٹول کے بارے میں انکشاف کیا تھا کہ اسے متعدد ملکوں میں صحافیوں، سرکاری حکام اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے فون ہیک کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

این ایس او کو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیز کی جانب سے اپنے صارفین کی ہیکنگ کے خدشات پر تنقید اور مقدمات کا بھی سامنا ہے۔

ایپل کمپنی نے حال ہی میں این ایس او پر مقدمہ کیا ہے۔


اوبر سے چرس منگوانے کی سہولت

دی انڈپینڈنٹ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکسی سروس ایپ اوبر کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں صارفین کو چرس کا آرڈر دینے کی اجازت دے رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق Uber Eats ایپ پر ایسے آرڈر کرنے سے اس کاروبار کو مزید تقویت ملے گی۔

کمپنی نے پیر کو کہا کہ وہ چرس بیچنے والی کمپنی ٹوکیو سموک کے ساتھ شراکت کر رہی ہے۔


ٹیکنالوجی جائنٹس روس میں دفاتر کھولیں ورنہ۔۔۔

خبر رساں ادارے رویٹرز کے مطابق روس نے دنیا کی 13 بڑی ٹیکنالوجی کمپنیز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 2022 میں روس کے اندر اپنے دفاتر قائم کریں تاکہ ان پر یکم جولائی سے موثر ہونے والے مقامی قانون کا اطلاق کیا جا سکے۔

ان کمپنیز میں ایپل، گوگل، میٹا (فیس بک)، ٹیلی گرام، ٹک ٹاک اور ٹوئٹر جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

روئٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس قانون کے تحت پانچ لاکھ یومیہ صارفین رکھنے والی ’انٹرنیٹ کمپنیز‘ کو مقامی دفاتر کھولنا ضروری ہیں۔

اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیز کو اشتہارات، ڈیٹا جمع کرنے اور رقوم کی منتقلی پر مکمل پابندی یا انہیں محدود کیے جانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔


کلاشنکوف کی الیکٹرک گاڑیاں

اسلحے کی دنیا میں نامور مقام رکھنے والی کمپنی کلاشنکوف 214 سال تک اسلحہ بنانے کے بعد اب الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں داخل ہو رہی ہے۔

دی نیکسٹ ویب کے مطابق روس کے وفاقی انسٹی ٹیوٹ آف انٹلیکچوئل پراپرٹی (ایف آئی پی ایس) کے اوپن ڈیٹابیس میں شائع ہونے والے حالیہ پیٹنٹ تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ کمپنی ایک چار اور ایک تین پہیوں والی الیکٹرک گاڑی تیار کر سکتی ہے۔


الوداع گلیکسی نوٹ؟

ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے رواں سال نوٹ سیریز کا کوئی نیا فون ریلیز نہیں کیا اور باظابطہ طور پر یہ تصدیق بھی نہیں کہ وہ نیا گلیکسی نوٹ ریلیز کرنے کا کوئی ارادہ بھی رکھتی ہے۔

اس کے بعد یہ خبریں گرم ہو گئی ہیں کہ شاید ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ اپنے سمارٹ فون کی مشہور نوٹ سیریز کو آخر کار ختم کر رہی ہے۔ تاہم ادارے نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ای ٹی نیوز کی یک حالیہ رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ اس نے موجودہ گلیکسی نوٹ 20 کی تیاری بھی روک دی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 2021 میں کمپنی نے 32 لاکھ نوٹ فون فروخت کیے جبکہ اس سے پچھلے سال یعنیٰ 2020 میں یہ تعداد ایک کروڑ تھی۔

نوٹ فون کے خاص ایس پین کو اب دوسرے فونز مثلاً گلیکسی فولڈ کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی