سعودی عرب میں جاری ریاض سیزن میں کار شو کے دوران سب کی توجہ کا مرکز رہنے والا فراری موٹرسپورٹ فیسٹیول اتوار کو اختتام پذیر ہوگیا۔
اطالوی کار ساز کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق نمائش کے اندر بنائے گئے ٹریک پر فراری کی سنگل سیٹرز SF70-H ، ایف سکسٹیز کی FIA WEC اور LMGTE Pro سمیت LMGTE Am کلاس جیتنے والے 488 GTEs کے علاوہ XX پروگرام اور 488 چیلنج ایوو ماڈلز کی کاریں فراٹے بھرتی نظر آئیں۔
تقریب میں فراری کے آفیشل ڈرائیورز نے جمعہ کی شام کے گالا ڈنر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر حاضرین میں زبردست جوش و خروش تھا جنہوں نے اپنے پسندیدہ ڈرائیورز کے ساتھ گھل مل جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ساتھ ریسنگ کے بہترین کھلاڑیوں کو ایکشن میں بھی دیکھا۔
فراری موٹرسپورٹ فیسٹیول کے دو روزہ ایونٹ میں ریسنگ کاروں، اور فارمولا ون ڈرائیورز کی شرکت نے دنیا بھر سے آنے والے شائقین کے لیے شاندار موقع فراہم کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں دوسری بار ہونے والے فراری موٹرسپورٹ فیسٹیول میں اس بار ایک ہی جگہ پر 600 سے زیادہ غیر ملکی اور نایاب آٹوموبائلز دیکھنے کو ملیں اور اس طرح اس نے خطے میں سب سے بڑا کار شو ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
آٹو موٹیو لائف سٹائل کمپنی ’سپیریئر آٹو موٹیو‘ کے بانی عبدالعزیز خاشقجی نے کہا کہ ’یہ میری زندگی کا سب سے حیرت انگیز تجربہ رہا ہے۔ سعودی عرب ناقابل یقین انداز میں سامنے آرہا ہے، شاہ اور ولی عہد نے موٹر سپورٹس اور کار ایونٹس کے حوالے سے سعودی عرب کو دنیا میں اہم مقام دلایا ہے۔‘
اس تقریب میں خاص توجہ کا مرکز فراری اونرز کلب تھا جسے جدہ میں پیدا ہونے والے یاسر کامل سندھی نے شروع کیا تھا۔ اس کلب کے شرکا کو تقریباً 100 فراری گاڑیوں کی نمائش میں مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے فلڈ لائٹ ٹریک پر اپنی گاڑیاں دوڑا کر تماشائیوں سے داد تحسین وصول کی۔
خاشقجی نے عرب نیوز کو بتایا: ’جیسا کہ آپ میرے پیچھے دیکھ اور سن سکتے ہیں ہر ایک فراری جس کا آپ تصور کر سکتے ہیں وہ ٹریک پر فراٹے بھر رہی ہے۔ یہ ایک سمفنی اور ایک آرکسٹرا کی طرح ہے۔ یہ اب تک کی سب سے ناقابل یقین چیز ہے۔‘
نمائش میں کچھ انتہائی نایاب کاریں شامل تھیں جن میں فراری 599 XX، FXX، اور FXX K شامل تھیں اور ان کے V12 انجن ٹریک پر گرج رہے تھے۔
طیاروں کے بارے میں ویڈیو بنانے والے معروف یوٹیوب ٹائی زینگ بو نے کہا: ’اس ایونٹ میں میری پسندیدہ چیز کاروں کو سرکٹ کے گرد گھومتے ہوئے دیکھنا تھا۔ یہ خوبصورت نظارہ تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے مک شومیکر کے ساتھ ایک سیلفی بھی لی، یہ جگہ خوشگوار حیرتوں سے بھری ہوئی ہے۔‘