کئی دنوں تک ’سمری آ گئی ہے، سمری نہیں آئی‘ کی کنفیوژن کے بعد بالآخر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ’جنرل ہیڈکوارٹرز نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے تقرر کے لیے چھ سینیئر ترین جرنیلوں کے ناموں کی سمری وزارت دفاع کو بھیج دی ہے۔‘
آئی ایس پی آر کی جانب سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب 12 بج کر 14 منٹ پر بذریعہ ٹویٹ یہ اطلاع دی گئی، جس کے سوا گھنٹے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم ہاؤس کو سمری موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔
یہ سمری جی ایچ کیو سے ایک خط کی شکل میں وزارتِ دفاع کو بھیجی جاتی ہے جس میں نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام درج ہوتے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ روز اس بات پر کشکمش کی صورت حال پیدا ہوگئی تھی جب مقامی میڈیا کے ایک حصے نے سمری موصول ہونے کی خبر چلانی شروع کر دی، تاہم حکومت نے ایسی کسی سمری کے موصول ہونے کی تردید کردی۔
بدھ کی صبح وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی ایک بیان کے ذریعے تصدیق کی کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے اور یہ کہ اس سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لیے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
سمری میں کسی نام کا ذکر نہیں، صرف اتنا کہا گیا کہ اس میں سینیئر ترین جرنیل شامل ہیں۔ اس طرح اس فہرست میں پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے۔ اس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، تیسرے پر لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، چوتھے پر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، پانچویں نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور چھٹے نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کے نام شامل ہیں۔
اب اگلا مرحلہ یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم تعیناتیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے، جس کے بعد اسے منظوری کے لیے صدرِ پاکستان کو بھجوا دیا جائے گا۔
منگل کی رات کو سابق صدر آصف زرداری نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی تھی، جس میں ممکنہ طور پر اگلے آرمی چیف کے نام پر غور کیا گیا۔
میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا کہ آصف زرداری نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ان کی جماعت اسے قبول کر لے گی۔