پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کے مطابق دوحہ جانے والی انڈیا کی نجی ایئر لائن ’ایئر انڈیگو‘ کی پرواز کو پیر کے روز پاکستان کے شہر کراچی میں اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب طیارے میں سوار ایک مسافر کی موت واقع ہو گئی۔
پی سی اے اے کے ترجمان کے مطابق انڈین طیارہ بلوچستان کے علاقے پنجگور سے 16 ناٹیکل میل مشرق میں محو پرواز تھا، جب پائلٹ نے اسے کراچی کی طرف موڑنے کی درخواست کی۔
پائلٹ نے ہوائی اڈے پر ڈاکٹر اور ایمبولینس کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ایک 60 سالہ نائجیرین شہری کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور ان کی نبض رک گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پی سی اے اے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ’طیارے نے دوپہر تقریباً 12 بج کر 12 منٹ پر کراچی لینڈ کیا جس میں 163 مسافر سوار تھے۔‘
کراچی ہوائی اڈے پر ڈاکٹروں کی جانب سے مسافر کی موت کی تصدیق کے بعد طیارہ نائجیرین شہری کا جسد خاکی لے کر دوحہ روانہ ہو گیا۔
اس سے قبل جولائی میں دہلی سے دبئی جانے والے ایک مسافر طیارے نے فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
پاکستانی حکام نے اس وقت تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’سپائس جیٹ کمپنی کے مسافر طیارے کے کپتان نے جہاز میں خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد اسے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت دی گئی تھی۔‘