امریکہ میں ایک ماں جو ’دنیا کے خاتمے کے منظر‘ کا عقیدہ رکھتی ہیں کو اپنے دو بچوں کے قتل اور شوہر کے قتل کی سازش کرنے پر سزا سنا دی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو امریکی ریاست اڈاہو میں سولہ سالہ بیٹی ٹائلی ریان اور سات سالہ لے پالک بیٹے جوشوا جے جے ویلو کے قتل کے مقدمے میں لوری ویلو کو سزا سنائی گئی۔
لوری ویلو نے دعوا کیا تھا کہ انہیں خدا نے انسانیت کو مسیح کی دوسری آمد کے لیے تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔ لوری ویلو کو اس وقت عمر قید کا سامنا ہے۔
ان کے پانچویں شوہر چیڈ ڈے بیل جو قیامت کے حوالے سے کئی کتابوں کے مصنف ہیں کو بھی ایک اور مقدمے میں ایسے ہی الزامات کا سامنا ہے جن میں اپنی پہلی اہلیہ ٹیمی کا قتل بھی شامل ہے۔
استغاثہ نے اس جوڑے کے ’مذہبی عقائد‘ کو قتل کی ان وارداتوں کا محرک قرار دیا ہے۔ گذشتہ سال نیٹ فلیکس نے ان کی کہانی پر ایک حقیقت پر مبنی کرائم سیریز ’سنز آف آوو مدر‘ بھی بنائی تھی۔
یہ مقدمہ سال 2019 میں اس وقت خبروں میں آیا تھا جب لوری ویلو کے بچے لاپتہ ہوئے تھے اور ان بچوں کی گمشدگی کی اطلاع جوشوا کے نانا نانی نے حکام کو دی تھی۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق مقدمے کی سماعت کے بعد جوشوا کے نانا لیری ووڈ کاک کا کہنا ہے کہ ’یہ اس کا اختتام نہیں ہے۔ مجھے میرے بچے واپس کرو۔ میرے بچے کہاں ہیں؟ لوری تم نے ایسا کیوں کیا؟‘
لیکن پولیس کی تفتیش نے اس وقت ایک دلخراش موڑ لے لیا جب یہ سامنے آیا کہ لوری ویلو اور ڈے بیل کے کئی قریبی افراد حالیہ برسوں میں اپنی جان سے جا چکے ہیں۔ جس کے چند ماہ بعد لوری ویلو کو امریکی ریاست ہوائی سے گرفتار کر لیا گیا۔
لوری ویلو کے تیسرے شوہر جوزف ریان سال 2018 میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔ وہ اپنے چوتھے شوہر چارلس ویلو سے طلاق کے مرحلے میں تھیں جب وہ گولی چل جانے سے جان سے گئے تھے۔ یہ واقعہ جولائی 2019 میں پیش آیا تھا اور یہ گولی ان کے اب متوفی بھائی سے چلی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اکتوبر 2019 میں چیڈ ڈے بیل کی اہلیہ ٹیمی قدرتی طور پر وفات پا گئی تھیں جس کے چند ہفتے بعد لوری اور چیڈ ہوائی منتقل ہو گئے تھے جہاں انہوں نے شادی کر لی تھی۔
لوری ویلو اور چیڈ ڈے بیل نے اپنے بچوں کی گمشدگی کو کبھی رپورٹ نہ کیا اور ان لاشیں ڈے بیل کی ملکیتی زمین سے جون 2020 میں ملیں۔
مقدمے کی سماعت کے بعد جج نے لوری ویلو کی سزا میں سے سزائے موت کو ختم کر دیا۔ چیڈ ڈے بیل نے سماعت کے دوران بے گناہ ہونے کا دعوی کیا ہے لیکن اگر ان پر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں سزائے موت دی جا سکتی ہے۔
لوری ویلو کا یہ ماننا تھا کہ وہ فرشتوں سے بات چیت کر سکتی ہیں۔ سال 2018 میں ان کی ریاست یوٹاہ میں چیڈ ڈے بیل سے ملاقات ہوئی تھی جو ایک انتہاپسند مورمون فرقے کے سربراہ تھے اور دنیا کے خاتمے کی تیاری کر رہے تھے۔
ان کے سابقہ شوہر چارلس ویلو کا کہنا ہے کہ وہ دعوی کرتی تھیں کہ ’مجھے خدا نے مسیح کی دوسری آمد کے لیے ایک لاکھ 44 ہزار کا کام کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔‘
تاہم استغاثہ نے ان جرائم کے پیچھے مالی وجوہات ہونے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
لوری ویلو پر چوری کرنے، اپنے بچوں کے نام پر سماجی فوائد لینے کے الزامات بھی ثابت ہوئے ہیں جبکہ چیڈ ڈے بیل کو انشورنس فراڈ پر بھی سزا سنائی گئی ہے۔
لوری ویلو کے مقدمے کو امریکی میڈیا سمیت بین الااقوامی میڈیا میں کوریج دی جا رہی ہے۔