’میرے ہاتھ میں آج بھی انصاف کا جھنڈا ہے‘: شاہ محمود قریشی رہا

پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وہ بدھ کو لاہور میں عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد صحافیوں سے بات کی (سکرین گریب)

پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی جیل سے رہائی کے بعد کہا ہے کہ ’آج بھی انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے‘۔

اڈیالہ جیل سے منگل کی شام رہائی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’میں اس تحریک کا حصہ ہوں جو ایک خود دار، خود مختار اور حقیقی طور پر آزاد پاکستان دیکھنا چاہتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ بدھ کو لاہور میں عمران خان سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کو منگل کی شام لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’قید تنہائی میں ایک مہینہ گزرا جہاں سوچنے اور چیزوں کا جائزہ لینے کا وسیع وقت ہوتا ہے۔‘

’میری قید میں میرے بچوں نے میرا بہت ساتھ دیا۔ میرا حوصلہ باندھا اور کہا کہ ان کی وجہ سے کسی دباؤ میں نہیں آنا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ مشکل اور امتحان کا وقت ہے۔ ہمیں صبر اور حوصلے سے کام لینا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ اب بھی بہت سے بے گناہ لوگ جیلوں میں بند ہیں اور انہیں وہاں نہیں ہونا چاہیے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ وہ قانونی ٹیم کے ساتھ مشورے کے بعد گرفتار کارکنوں کی رہائی کی کوشش کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنی گرفتاری کے بارے میں کہا کہ ’ڈی سی راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت میری دوبارہ گرفتاری ہوئی، جس کا میری نظر میں کوئی جواز بنتا نہیں تھا۔‘

انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ قید میں ہوتے ہوئے کیسے نقص امن کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔

ان کا اس بارے میں مزید کہنا تھا کہ استغاثہ کو ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے جس کے باعث عدالت نے ان کی رہائی کا حکم دیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست