پاکستان کا افغانستان کو وائٹ واش، آئی سی سی رینکنگ میں پہلا نمبر

پاکستان اس سیریز میں کامیابی کے بعد آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو دوسرے نمبر پر دھکیل کر پہلی پوزیشن پر آ گیا۔

فہیم اشرف 26 اگست، 2023 کو کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تیسرے میچ کے دوران (اشارا ایس کوڈیکارا / اے ایف پی)

پاکستان نے ہفتے کو کولمبو میں افغانستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 59 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز وائٹ واش کر دی۔

پاکستان اس سیریز میں کامیابی کے بعد آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو دوسرے نمبر پر دھکیل کر پہلی پوزیشن پر آ گیا۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

پہلی وکٹ 36 کے مجموعی سکور پر اوپنر فخر زمان کی صورت میں گری، جب وہ افغان بولر گلبدین نائب کی گیند پر ریاض حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے، جنہوں نے 30 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ وہ بھی نائب کی گیند پر رحمٰن اللہ گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے اس موقعے پر اچھی شراکت داری دکھاتے ہوئے سکور 162 پر پہنچایا تھا کہ بابر 37ویں اوور میں 60 رن بنا کر راشد خان کی گیند پر گرباز کو کیچ دے بیٹھے۔

ان کے بعد سعود شکیل سکور میں کوئی بڑا اضافہ کیے بغیر نو رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو پانچواں نقصان رضوان (67 رن) کے ایل بی ڈبلیو ہونے کی صورت میں پہنچا۔ انہیں فرید احمد نے 40ویں اوور میں آؤٹ کیا۔

شاداب خان کے محض تین رن بنا کر بولڈ ہونے کے بعد پاکستان مشکل صورت حال کا شکار نظر آیا۔ تاہم آغا سلمان (38* رنز) اور محمد نواز (30 رنز) نے مزید نقصان سے بچاتے ہوئے سکور 250 پر پہنچا دیا۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ فہیم اشرف کی صورت میں گری جو 266 کے سکور پر دو رن بنانے کے بعد فرید احمد کی گیند پر گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور فرید احمد نے دو، دو جبکہ فضل الحق فاروقی، مجیب الرحمان اور ارشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

269 رنز کے تعاقب میں افغانستان نے بیٹنگ شروع کی تو اسے محض 17 کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اوپنر گرباز کے آؤٹ ہونے سے ہوا۔

گرباز کو فہیم نے چھٹے اوور میں ایل بی ڈبلیو کیا۔ دسویں اوور میں دوسرے افغان بیٹر ابراہیم زردان 34 رن بنا کر شاداب خان کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

افغان کے ٹاپ پانچ بیٹرز میں زدران اور شاہد اللہ (37 رن) کے علاوہ کوئی بھی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا اور 21ویں اوور میں 62 کے مجموعی سکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

افغانستان ہدف کے تعاقب میں کسی بھی موقعے پر پاکستان کو مشکل وقت نہیں دے سکا۔ مجیب الرحمان نے پہلے راشد (16 رنز) اور پھر فرید احمد کے ساتھ مل کر اچھی مزاحمت دکھائی۔

انہوں نے پاکستان کی عمدہ بولنگ لائن کے خلاف انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور37 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر تماشائیوں کو کچھ دیر کے لیے محظوظ کیا۔

وہ 46 ویں اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم  49ویں اوور میں 209 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ فہیم اور نواز نے دو، دو جبکہ شاہین اور آغا سلمان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل 24 اگست کو کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تاریخ دہراتے ہوئے افغانستان کے خلاف آخری اوور میں اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے جیت دلوائی تھی۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی تھی۔

افغانستان کی یہ ہوم سیریز سکیورٹی خدشات کی وجہ سے سری لنکا میں ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز کے بعد سری لنکا اور پاکستان میں چھ ملکی ایشیا کپ 30 اگست سے شروع ہو گا اور ورلڈ کپ پانچ اکتوبر سے انڈیا میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ