ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے 11 سال بعد انڈیا کو ہرا دیا

بنگلہ دیش نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں انڈیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد چھ رنز سے ہرا دیا۔

15  ستمبر، 2023 کو کولمبو میں ایشیا کپ کے سپر فور میچ میں بنگلہ دیش کے تنزید حسن کی گیند پرانڈیا کے تلک ورما بولڈ ہو رہے ہیں (اے ایف پی/ فاروق نعیم)

بنگلہ دیش نے جمعے کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں انڈیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد چھ رنز سے ہرا دیا۔

یہ بنگلہ دیش کی ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف 2012 کے بعد پہلی جیت ہے۔

آج انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو شردال ٹھاکر اور محمد شامی نے جلد ہی بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن میں دراڑ ڈال دی۔

شامی نے تیسرے اوور میں لٹن ڈاس (صفر) کو بولڈ کیا تو اگلے ہی اوور میں ٹھاکر نے تنزید حسن (13 رنز) کو بھی چلتا کر دیا۔

چھٹے اوور میں انعام الحق بھی ٹھاکر کی گیند پر وکٹ کیپر راہل کو کیچ دے بیٹھے۔

28 کے مجموعی سکور پر تین وکٹیں گرنے کے بعد مہدی حسن میراز اور کپتان شکیب الحسن نے سکور 59 پر پہنچایا تھا کہ میراز بھی محض 13 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

چار وکٹیں گرنے کے باوجود بنگلہ دیشی بیٹنگ نے ہمت نہ ہاری۔ شکیب نے توحید ہریدوائے کے ہمراہ 101 رنز کی شراکت داری بنائی اور ٹیم کو ایک اچھا سکور بنانے کی بنیاد فراہم کی۔

شکیب نے 80 رنز بنائے جبکہ توحید نے 54 رنز سکور کیے۔ آج کے میچ کی ایک نمایاں بات رویندر جدیجا کی 200 ویں وکٹ تھی، جو انہوں نے شمیم حسین کو ایل بی ڈبلیو کر کے حاصل کی۔

بنگلہ دیشی اننگز کے آخری اوورز میں نسیم احمد نے کارآمد 44 بنائے، ان کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

مہدی حسن نے بھی 29 اور تنزیم حسن شکیب نے آٹھ گیندوں پر 14 رن بنا کر بنگلہ دیش کا سکور آٹھ وکٹوں پر 265 تک پہنچا دیا۔

انڈیا کی جانب سے ٹھاکر نے تین، شامی نے دو جبکہ پراسدھ کرشنا اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈیا کی جوابی اننگز زیادہ متاثر کن نہیں تھی اور ابتدائی تین اوورز میں کپتان روہت شرما (صفر) اور تلک ورما پانچ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس نقصان کے بعد انڈیا نے محتاط انداز اپنایا لیکن 74 کے مجموعی سکور پر راہل (19 رنز) مہدی کی گیند پر شمیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

انڈیا کو چوتھا نقصان ایشان کشن (پانچ رنز) کی صورت میں ہوا، جو مراز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

94 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد اوپنر شبھمن گل نے سوریا کپار یادیو کے ہمراہ سنبھل کر کر اننگز کو آگے بڑھایا اور 33 ویں اوور میں سکور 139 رنز تک پہنچا تھا کہ سوریا 26 رنز بنا شکیب کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

انڈیا کی وکٹیں ایک طرف سے گرتی رہیں لیکن دوسری جانب سے گل نے ٹیم کو اپنی سنچری (121) کی مدد سے میچ میں بنائے رکھا۔

44 ویں اوور میں ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے بولرز نے اپنا گرفت مضبوط کرنا شروع کی اور وہ وکٹیں لیتے رہے۔

اکشر کے 49ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد انڈیا کے جیتنے کے امکانات ختم ہو گئے اور پوری ٹیم آخری اوور میں 259 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے تین، جبکہ تنزیم اور مہدی نے دو، دو اور شکیب اور مرزا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

انڈیا پہلے ہی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے اور اتوار کو ایشیا کپ کی ٹرافی کے لیے اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ