پاکستانی فلاحی تنظیموں کی امداد غزہ تک کیسے پہنچ رہی ہے؟

اسرائیلی بمباری سے متاثرہ فلسطینی شہریوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک 15 کروڑ کا امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے مزید کام بھی جاری ہے۔

اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم ’حماس‘ کے درمیان جاری تنازع کے باعث غزہ میں صورت حال سنگین ہے اور اسرائیلی بمباری کے باعث اب تک ہزاروں فلسطینی جان سے جا چکے ہیں۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے نقل مکانی کرنے والوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ غزہ میں جہاں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور لوگ نقل مکانی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، وہیں عالمی رفاہی تنظیمیں متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہیں۔

پاکستان سے بھی جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ بھیجی گئی ہے، جس میں غذائی اجناس، ڈیلیوری کٹس، دوائیاں، حفظان صحت کی کٹس اور ضرورت کی دیگر اشیا موجود ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اس حوالے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے گفتگو کی اور یہ جاننا چاہا کہ یہ امداد فلسطینی شہریوں تک کیسے پہنچائی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے بتایا کہ ’اس وقت چونکہ غزہ پہنچنا ہمارے لیے ممکن نہیں، اس لیے ہم وہاں موجود عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان میں جمع ہونے والی مالی امداد کو غزہ تک پہنچانے کے لیے آئی ایچ ایچ ہیومینیٹیرین ریلیف فاؤنڈیشن، حیرت فاؤنڈیشن اور کینسو ایسوسی ایشن جیسی ترک تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کی ہے اور اس کے لیے چندہ آن لائن، ان کی ویب سائٹ کے ذریعے، یا ذاتی طور پر ان کے دفتر میں دیا جا سکتا ہے۔‘

حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق: ’اسی کے ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن کی دو درجن سے زیادہ عالمی رفاہی تنظیموں کے ساتھ پارٹنر شپ ہے اور ان میں سے پانچ تنظیمیں ایسی ہیں جو کچھ عرصے سے فلسطین میں کام کر رہی ہیں جبکہ ہم یہ سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کریں گے اور پھر یہ سامان پاکستان سے جانے والے امدادی سامان میں شامل ہو کر غزہ پہنچے گا۔ الخدمت کا بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سے سات اکتوبر سے ہی غزہ میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک 15 کروڑ کا امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور مزید 50 کروڑ روپے بھی غزہ متاثرین کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ غزہ کے محاصرے کے باعث فی الحال غزہ کے اندر سے دستیاب امدادی سامان کے ذریعے ریلیف کا کام جاری ہے اور 200 سے زیادہ ٹرک اور 3000 ٹن امدادی سامان رفح کراسنگ کے قریب یا اس کے قریب موجود ہے، جو غزہ اور مصر کے درمیان واحد سرحد ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن بین الاقوامی اداروں کے ذریعے امدادی سامان رفح بارڈر پر پہنچا چکی ہے اور جہاں رفح بارڈر کچھ وقت کے لیے بھی کھلا تو امدادی سامان کے ٹرک متاثرہ علاقوں تک پہنچ جائیں گے۔‘

حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق: ’اس وقت ہم صرف وہاں موجود رفاہی تنظیموں کو رقم مہیا کر رہے ہیں، جس سے متاثرین کی مدد ہو رہی ہے، کیونکہ ہم جن تنظیموں  کے ساتھ جڑے ہیں وہ ان پیسوں کا استعمال کرکے اشیائے ضروریہ متاثرین تک پہنچانے  کی صلاحیت رکھتی ہیں،  ہماری ترجیح بھی یہی ہے کہ کپڑوں اور دیگر چیزوں کے بجائے رقم پہنچے کیونکہ چیزیں بھیجیں گے تو  اس کی مالیت زیادہ آئے گی اور بھیجنا بھی مشکل ہو جائے گا، تاہم ہمیں امید ہے کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی مدد کو آگے بڑھے گی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دیگر این جی اوز اور ادارے ہمارے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں تو ہم ایک دوسرے کے دست و بازو بن کر نازک ترین حالات میں متاثرہ فلسطینی عوام کی خدمت کر سکتے ہیں کیونکہ غزہ اس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے جہاں پانی، خوراک اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔‘

چند روز قبل حکومت پاکستان نے بھی غزہ کے شہریوں کے لیے 81  ٹن انسانی اور طبی امداد ایک خصوصی طیارے کے ذریعے مصر بھیجی تھی، جہاں مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے یہ مصری ہلال احمر سوسائٹی کے سپرد کی۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے گلوکار عاطف اسلم نے بھی غزہ کے لوگوں کو طبی امداد اور خوراک کی فراہمی کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کو ایک کروڑ 50 ہزار کی رقم عطیہ کی ہے۔

اس کے علاوہ کراچی شہر کے مختلف مقامات پر چندہ جمع کرنے کے لیے کیمپ بھی لگائے گئے ہیں، جہاں مخیر حضرات اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے پیش پیش ہیں۔

مکڈونلڈز پاکستان کا ایدھی فاؤنڈیشن کو غزہ کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک فراہم 

دوسری جانب مشہور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ مکڈونلڈز کی پاکستانی فرنچائز نے اسرائیلی بمباری سے متاثرہ غزہ کے رہائشیوں کے لیے فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کی معرفت ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا۔  

مکڈونلڈز کے چیف آپریٹنگ آفیسر جمیل مغل نے ایک کروڑ کا چیک ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے حوالے کیا۔  

انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار امر گرڑو سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے ایک کروڑ روپے کا چیک ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’غزہ کے لیے جیسے ہی راستے کھلتے ہیں اور وہاں جانے کی اجازت ملتی ہے تو ایدھی فاؤنڈیشن اس رقم سے امداد کا کام شروع کرے گی۔‘

گذشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر اسرائیل میں مکڈونلڈز کی جانب سے اسرائیلی فیوجیوں کو کھانا کھلانے کی خبروں کے بعد صارفین ’بائیکاٹ مکڈونلڈز‘ کی مہم چلا رہے ہیں۔  

جس کے بعد مکڈونلڈز پاکستان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ پاکستان میں وہ سیزا فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے تحت کام کرتے ہیں اور ان تمام سوالات کو مسترد کرتے ہیں جو ان کی پاکستانی پہنچان پر اٹھائے جا رہے ہیں۔  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان