نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 131 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے سوزی بیٹس اور پاکستان کی طرف سے سدرہ امین نے سنچریاں سکور کیں۔ سوزی بیٹس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان ویمنز کو دو بڑے دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ سے ایک روز قبل پریکٹس سیشن میں تیز بولر ڈیانا بیگ انگلی فریکچر ہو جانے کے سبب سیریز سے باہر ہوگئیں جبکہ میچ کے دوران کپتان ندا ڈار چہرے پر گیند لگنے کے سبب میچ سے باہر ہوگئیں۔
44 ویں اوور میں بولنگ کے دوران گیند ان کے چہرے پر لگی جس کی وجہ سے وہ میچ میں مزید حصہ نہیں لے سکیں۔ ان کی متبادل کے طور پر صدف شمس نے میچ میں حصہ لیا جبکہ قیادت کی ذمہ داری فاطمہ ثنا نے سنبھالی۔ ندا ڈار کی اگلے میچوں میں شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
کوئنز ٹاؤن کے جان ڈیوس اوول میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز بنا ڈالے۔
پاکستان ویمنز جواب میں 49.5 اوورز میں 234 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ ویمنز کی اننگز کی خاص بات 36 سالہ سوزی بیٹس کی سنچری تھی جنہوں نے گیارہ چوکوں کی مدد سے108 رنز بنائے۔
یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں 13 ویں سنچری ہے۔ انہوں نے برنیڈن بیزی ڈین ہوٹ کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 165 رنز کا اضافہ کیا۔ بیزی ڈین ہوٹ نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 86 رنز سکور کیے۔
ایمیلیا کر نے چھ چوکوں کی مدد سے83 رنز بنائے جبکہ کپتان سوفی ڈیوائن نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 36گیندوں پر دو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 70 رنز سکور کیے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان ویمنز کی طرف سے ام ہانی، نشرہ سندھو اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ویمنز نے پر اعتماد آغاز کیا اور سدرہ امین اور منیبہ علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز کا اضافہ کیا۔ منیبہ علی پانچ چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
سدرہ امین نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے گیارہ چوکوں کی مدد سے 105 رنز سکور کیے۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں چوتھی سنچری ہے۔
ان دونوں کے بعد دیگر بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکیں۔ صدف شمس 10 بسمہ معروف 14 اور عالیہ ریاض 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ عمیمہ سہیل سات رنز بنا پائیں۔
میزبان ٹیم کی طرف سے ایمیلیا کر نے 44 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اگلے دو ون ڈے انٹرنیشنل 15 اور 18 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے ۔ یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔