ورلڈ کپ سے پہلے بہترین ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں: شاہین آفریدی

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستانی ٹیم کے بہترین اوپنر ہیں۔ ہم ورلڈ کپ کے قبل بہترین ٹیم کمبی نیشن تیار کرنا چاہتے ہیں۔

11 جنوری، 2024 کی اس تصویر میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل کیوی کپتان کین ولیم سن اور ٹرافی کے ہمراہ(تصویر: پاکستان کرکٹ بورڈ)

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستانی ٹیم کے بہترین اوپنر ہیں۔ ہم ورلڈ کپ کے قبل بہترین ٹیم کمبی نیشن تیار کرنا چاہتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز سے قبل آکلینڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی میں تبدیلی کے سوال پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ’بابر اعظم اور محمد رضوان ہمارے بہترین اوپنر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس 17 میچ ہیں۔‘

شاہین آفریدی کے مطابق ’ہم چاہتے ہیں کہ ان میچز میں بہترین ٹیم کمبی نیشن بنایا جائے تاکہ ہر کھلاڑی کو اس کی بہترین پوزیشن پر کھلایا جا سکے۔‘

شاہین شاہ آفریدی نے سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی کپتانی کرنا بہت بڑا اعزاز اور فخر کا لمحہ ہے۔

’ہم ایک اچھی ٹی 20 ٹیم ہیں اور اس کی عکاسی گذشتہ چند سالوں میں ہماری کارکردگی سے ہوئی ہے۔‘

ان کے مطابق ’ہم نے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہم اپنی خواہش کے مطابق اختتام نہیں کر سکے ہیں۔ ہم بڑے ٹورنامنٹس میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔‘

ایڈن پارک گراؤنڈ کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’بطور بولر مجھے لگتا ہے اس میدان کی سامنے کی باؤنڈری بہت چھوٹی ہے جبکہ سکوائر کی باؤنڈریز لمبی ہیں۔ اس حوالے سے ہم اپنا پلان بنائیں گے۔‘

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ نہ کھیلنے کے سوال پر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ’بطور کرکٹر ٹیسٹ کرکٹ میری پہلی ترجیح ہے۔ یہ ٹیم مینیجمنٹ کا فیصلہ تھا جس کی وجہ سے میں آخری میچ سے باہر رہا۔‘

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری کو آکلینڈ کے ایڈن پارک گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف یہ سیریز بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی بطور کپتان پہلی ذمہ داری ہو گی جنہوں نے بابر اعظم کی جگہ کپتانی سنبھالی ہے۔

ٹی 20 رینکنگ چوتھے نمبر پر موجود پاکستان نے آخری ٹی 20 میچ اپریل 2023 میں کھیلا تھا جب اس نے لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کا سامنا کیا تھا۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، جنہیں شاہین شاہ آفریدی کا نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے، سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر حارث رؤف اس دوران سب سے کامیاب بولر رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوزی لینڈ کے خلاف اس سیریز میں لیگ سپنر اسامہ میر، فاسٹ بولر محمد عباس آفریدی اور وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ صاحبزادہ فرحان، اعظم خان اور عامر جمال کی واپسی نے اس سکواڈ کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔

سپنر ابرار احمد جو ابتدائی طور پر اسکواڈ کا حصہ تھے، گذشتہ ماہ پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے دوران انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی سکواڈ

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ ٹیم کے مطابق شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عامر جمال، عباس آفریدی، اعظم خان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، محمد نواز، محمد وسیم، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان اس سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

مکمل شیڈول

پہلا ٹی 20 – 12 جنوری 2024 ایڈن پارک، آکلینڈ

دوسرا ٹی 20 – 14 جنوری 2024 سیڈن پارک، ہیملٹن

تیسرا ٹی 20 – 17 جنوری 2024 یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن

چوتھا ٹی 20 – 19 جنوری 2024، ہیگلی اوول، کرائسٹ چرچ

پانچواں ٹی 20 – 21 جنوری 2024، ہیگلی اوول، کرائسٹ چرچ

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ