تحریک انصاف کی ٹکٹوں کی فہرست جاری، عمران خان کا نام شامل نہیں

قومی اسمبلی کے کل 266 حلقوں میں سے 231 حلقوں میں ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں جب کہ 35 نشستوں پر ابھی ٹکٹ جاری نہیں ہو سکے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان 26 جولائی 2023 کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد رخصت ہو رہے ہیں (عامر قریشی/ اے ایف پی)

پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں قومی اسمبلی کے انتخابات کے لیے ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے، ٹکٹوں کی جاری فہرست میں تاحال عمران خان کا نام شامل نہیں ہے۔

قومی اسمبلی کے کل 266 حلقوں میں سے 231 حلقوں میں ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں جب کہ 35 نشستوں پر ابھی ٹکٹ جاری نہیں ہو سکے۔

لاہور میں این اے 117 میں علیم خان کے حلقے سے بھی کسی امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ پی ٹی آئی نے بہاولنگر سے امتیاز عالم گیلانی کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی کے ٹکٹ حاصل کرنے والے امیداروں کے ناموں کی فہرست پی ٹی ائی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کی گئی تاہم پی ٹی آئی نے بالخصوص پنجاب سے کئی حلقے خالی چھوڑ دیے ہیں۔

پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے حلقوں میں بھی امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

پی ٹی آئی کی مرکزی فہرست کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر بونیر سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 10 سے الیکشن لڑیں گے۔ شیر افضل مروت این اے 41 لکی مروت سے امیدوار ہیں۔ این اے 58 چکوال سے ایاز امیر کو ٹکٹ دیا گیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اٹک میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں میں سے ایک این اے 49 پر طاہر صادق اور دوسرے این اے 50 پر ان کی بیٹی ایمان طاہر کو ٹکٹ دیئے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں این اے 57 سے سیمابیہ طاہر کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

گجرات میں این اے 65 کا حلقہ خالی چھوڑا گیا ہے۔  اسی طرح منڈی بہا الدین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، فیصل آباد کے حلقے خالی چھوڑے گئے ہیں۔ ریاض فتیانہ کو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخ وقاص اکرم کو جھنگ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

لاہور میں این اے 119 اور 120 کے اہم حلقے بھی خالی چھوڑے گئے ہیں۔ این اے 117 بھی خالی ہے۔

لطیف کھوسہ کو این اے 122 سے ٹکٹ ملا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 130 سے امیدوار ہیں۔ قصور سے بھی دو حلقے خالی چھوڑ دیئے گئے۔ پاکپتن اور ساہیوال کا ایک ایک حلقہ خالی چھوڑ دیا گیا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست