عالمی امن کے لیے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں: شہباز شریف کا بائیڈن کو جوابی خط

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر جو بائیڈن کے ایک خط کے جواب میں لکھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر، 2022 کو 77ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سیشن کی سائڈ لائن پر امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن کے ہمراہ (پاکستان ایمبیسی، امریکہ)

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو امریکی صدر جو بائیڈن کے ایک خط کے جواب میں لکھا ہے کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے لیے امریکہ کے ساتھ کے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

جمعے کو وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ جو بائیڈن نے شہباز شریف کو خط لکھ کر نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر نے خط میں لکھا تھا کہ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

آج وزیر ہاؤس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ شہباز شریف نے جو بائیڈن کو جوابی خط میں لکھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔

جوابی خط میں مزید کہا گیا کہ ’دونوں ممالک توانائی، موسمیاتی تبدیلی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم اقدامات پر مل کر کام کر رہے ہیں۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے اور گرین الائنس کے اقدام میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی صدر بائیڈن نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔

صدر بائیڈن نے خط میں کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے، جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔

خط میں کہا گیا کہ امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کرتے ہوئے پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔

صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

خط کے مطابق: ’دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان