پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے جمعرات کو لاہور گیریژن کے دورے کے موقعے پر کہا کہ ’سازشی عناصر بےشرمی اور ڈھٹائی سے بیانیے کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور ریاست کو اس گھناؤنی کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی ذہنیت کی وجہ سے ہماری تاریخ کے اس سیاہ باب کے منصوبہ سازوں اور معماروں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ یا ڈیل نہیں کر سکتی۔‘
پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا کہ جنرل عاصم منیر نے آج یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان فوج کا ہر سپاہی اور افسر ’کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔‘
بیان میں ان کے حوالے سے مزید کہا گیا: ’بلاشبہ نو مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔
’ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔‘
آرمی چیف کے مطابق: ’اب وہی سازشی عناصر ڈھٹائی سے بیانیے کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
’جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہُوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔‘
’تاہم اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو خود کو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب اُن کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔‘
بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، نو مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔‘
بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔
پاکستان میں آج نو مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کا ایک سال پورا ہونے پر وفاقی حکومت نے اس دن کو ’یوم سیاہ‘ قرار دیا ہے۔
نو مئی 2023 کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پر تشدد واقعات ہوئے تھے، جن کے دوران فوجی تنصیبات اور نجی و قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
ان واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 100 سے زائد کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے اور بیشتر اب بھی ان کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس وقت کی حکومت، پنجاب پولیس اور پاکستانی فوج کے ترجمان نے ان واقعات کا ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور قیادت کو ٹھہرایا تھا، تاہم پی ٹی آئی کی قیادت نے ان لزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیق کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یوم احتجاج منا رہی ہے۔
نو مئی پاکستان، افواج پاکستان اور جنرل عاصم منیر کے خلاف بغاوت تھی: وزیراعظم
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جمعرات کو کہا ہے کہ نو مئی پاکستان، افواج پاکستان اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے خلاف بغاوت تھی۔
اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’نو مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن ہے۔ جب پاکستان کے دفاع کی علامتی اداروں، شہدا اور غازیوں کی یادگار پر حملے ہوئے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آج پارلیمنٹ کی عمارت میں کابینہ اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ یہ ایوان قوم کی ملکیت ہے اور ان کی ترجمانی کرتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ پیغام ہے کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ کو قیامت تک یاد رکھیں گے۔ آج کے دن ذہن میں رکھنا چاہیے کہ مئی 2023 میں پی ڈی ایم حکومت پاکستان کی معیشت کو بچانے کی کوشش کر رہی تھی۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’نو مئی کو پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت کی گئی۔ کوئی جمہوری ملک اپنے ہیرو اور شہدا کے اوپر ایسے حملے برداشت نہیں کر سکتا۔ کیا امریکہ اور برطانیہ میں فسادیوں کو کھلی چھٹی دی گئی؟ کیا ان کو سزائیں نہیں دی گئیں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق: ’نو مئی کے حملے کرنے والے چاہتے ہیں کہ اس پر جھوٹ کا پردہ گرا دیا جائے۔ نو مئی کے دلخراش مناظر پوری قوم نے دیکھے۔ جنہوں نے بغاوت کا منظم پلان بنایا وہ جھوٹ کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ پاکستان کے عوام اور اداروں کو لڑانے کی سازش تھی۔ پاکستان کے اداروں کے خلاف زہر آلود پروپیگینڈا کیا جا رہا ہے۔ نو مئی کا اصل مقصد جمہوریت کا خاتمہ، آئین کو دفن کرنا اور فرد واحد کی بادشاہت لانا تھا۔ سوچنا ہو گا کیا وجہ ہے کہ ایک سال کے بعد بھی نو مئی کے مجرموں کو سزا نہیں مل سکی۔ پوری قوم یہ سوال پوچھتی ہے۔‘
اس سے قبل بھی وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’ایک سال گزر گیا، قوم اپنے مجرموں کو بھولی ہے اور نہ ہی بھولے گی۔ یہ ریاست پر سیاست کو قربان کرنے اور حملے کرنے والی سوچوں کو الگ کرنے والا دن ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے اور محب وطن عوام ہیں تو دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار جن کے دل میں قومی یادگاروں، اداروں اور آئین سمیت ریاستی مفادات کا کوئی درد ہے اور نہ ہی قانون کے لیے کوئی عزت ہے۔‘
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’نو مئی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دینا ہے۔‘
نو مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا: پاکستان فوج
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ نو مئی 2023 کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
جمعرات کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ مسلح افواج پاکستان نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) اور مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ مل کر نو مئی 2023 (یوم سیاہ) پر مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہماری قومی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک پر سیاسی طور پر متحرک اور برین واش شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا اور ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کو نقصان پہنچایا۔‘
بیان میں نو مئی کے واقعات کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ’یہ ملک میں ایک غلط اور تنگ نظر تبدیلی لانے کی ایک بیکار کوشش تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’پاکستان کی مسلح افواج نے اس جان بوجھ کر اور بے دردی سے منظم تشدد کے دوران انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کی مذموم سازش کو ناکام بنا دیا جو عوام اور مسلح افواج کے درمیان محاذ آرائی کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے تھے۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ’قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہتے ہوئے اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عمل آوروں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد بیانیے کو اپنے فائدے کے لیے موڑنا اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنا تھا۔
’یہی وجہ ہے کہ نو مئی کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی انہیں ملک کے قانون کو دھوکہ دینے کی اجازت دی جائے گی۔‘
بیان کے مطابق: ’نو مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی اس طرح کے غیر ضروری طرز عمل کے ذریعے ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کی بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آج افواج پاکستان پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کر رہی ہیں۔ ہمارے شہدا اور ان کے اہل خانہ پاکستان کا فخر ہیں۔‘
بیان کے مطابق: ’افواج پاکستان ہر قیمت پر ان کے وقار اور احترام کو برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستان کے عوام کے ساتھ بہت خاص تعلق ہے۔ آئیں آج مل کر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی سختی سے مذمت کریں اور وطن عزیز کی خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔ پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔‘
نو مئی کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا: صدر زرداری
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ’نو مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’نو مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا۔ مشتعل ہجوم نے سرکاری املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔‘
انہوں نے نو مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ’واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا۔ پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’نو مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔‘
قوم نو مئی بھولے گی نہ معاف کرے گی: مریم نواز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ قوم نو مئی کو نہ بھولے گی نہ ہی کبھی معاف کرے گی۔
نو مئی کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ’نو مئی تاریخ کا سیاہ باب ہے،اقتدار پرستوں نے ہوس میں وہ کر ڈالا جو دشمن بھی نہ کر سکا۔
’پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ ہوس پرستوں نے قوم کی عزت و حرمت کی ریڈ لائن کراس کی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’قومی ادارے کو کمزور کرنے کی سازش اور مجرم بے نقاب ہوچکے ہیں۔ سیاست کی خاطر ملک و قوم کے وقار کو پامال کرنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں ہو سکتے۔‘
’نفرت کی آگ میں سلگتے ہوئے کردار اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے۔‘
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’عہد کرتے ہیں کہ اب نو مئی کبھی نہیں ہونے دیں گے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کا یومِ احتجاج
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے نو مئی کو پرتشدد احتجاج کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
پانچ مئی 2024 کو پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو عمران خان کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’وہ نو مئی کو ملک بھر میں صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی سطح پر احتجاج کریں۔‘
مزید کہا گیا کہ
۔ منتخب نمائندے، ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیدار ریلیاں اور جلسے کریں۔
۔ عمارتوں پر پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچم لہرائے جائیں۔
۔ عمران خان کی تصویر پر قیدی نمبر 804 کے الفاظ درج کر کے پلے کارڈز کی نمائش کی جائے۔
۔ نو مئی کے واقعات میں جان سے جانے والے افراد کے لیے دعا کی جائے۔
نو مئی 2024 کی صبح عمر ایوب خان نے اپنی ٹویٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور ارکان کے خلاف گذشتہ شب سے پنجاب میں ہونے والے مبینہ کریک ڈاؤن کی بھی مذمت کی۔
اپنی ایکس پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’نو مئی 2023 عمران خان کے خلاف ایک فالس فلیگ آپریشن تھا۔‘
اپنی پوسٹ میں عمر ایوب نے مزید کہا کہ ’کریک ڈاؤن کے باوجود پورے ملک میں پر امن ریلیوں اور احتجاج کا انعقاد کیا جائے گا۔‘
وکلا کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان
گذشتہ روز لاہور میں کچہری کی منتقلی کے خلاف وکلا کے احتجاج کے دوران پولیس کے مبینہ تشدد کے خلاف پاکستان بار کونسل نے آج ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
پولیس کے مطابق گذشتہ روز لاہور کے جی پی چوک میں سول عدالتوں کی منتقلی اور وکلا پر مقدمات کے خلاف احتجاج میں پولیس اور وکلا کے درمیان ہونے والے تصادم میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ کئی وکلا کو حراست میں بھی لیا گیا۔
اس کے بعد پاکستان بار کونسل کے رہنما احسن بھون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے آج (بروز جمعرات) ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل کوئی وکیل بھی عدالتوں میں پیش نہیں ہو گا اور وکلا ریلیاں نکالیں گے۔