پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ 28 مئی محض ایک یادگاری دن نہیں بلکہ قومی طاقت کے تمام پہلوؤں کی اجتماعی کوشش کی علامت ہے۔
پاکستان نے 26 سال قبل 28 مئی 1998 کو جوہری دھماکے کیے تھے اور حکومت نے اس دن کو ’یوم تکبیر‘ قرار دے رکھا ہے۔
اس مناسب سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دن ایک قابل اعتماد کم از کم ڈیٹرنس یعنی دفاعی قوت حاصل کرنے کی طرف ’ہماری قوم کے مشکل لیکن قابل ذکر راستے کی داستان کو سمیٹتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ملک بنانے کے لیے ’اعصاب شکن دباؤ اور ترغیبات کو مسترد کرتے ہوئے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔‘
’یہ اہم دن قومی طاقت کے تمام پہلوؤں کی اجتماعی کوشش کی علامت ہے، جو ایک ناقابل تسخیر چیلنج کی طرح نظر آرہا تھا اور ہمارے ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک سنگ میل کو حاصل کر رہا ہے۔‘
اس سے قبل پیر کی شام ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے 28 مئی ’یوم تکبیر‘ کو سرکاری چھٹی قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ’یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اتحاد کی یاد دلاتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یوم تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔‘
بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ’یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔‘
’اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔‘
انہوں نے بیان میں کہا کہ ’آئیں، آج کے روز ہم یہ عہد کریں کہ نہ صرف بیرونی دشمنوں، بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج پوری پاکستانی قوم یوم تکبیر کی سلور جوبلی منا رہی ہے اور قابل اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کے قیام کی شاندار کامیابی کو یاد کر رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق اس کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو نئی شکل دی ہے۔ ’مسلح افواج ان ذہین ذہنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے مشکل چیلنجوں میں اس کامیابی کا تصور کیا اور اسے حاصل کیا۔ ہم ان سائنس دانوں اور انجینئروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ناممکن کو حقیقت میں بدل دیا۔‘