ٹی 20 ورلڈ کپ: سب سے تباہ کن بلےباز کون ثابت ہو گا؟

چھ ایسے بلے باز جو آج کی تیز رفتار کرکٹ میں سب سے تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں افتخار احمد پاکستان، جوس بٹلر انگلینڈ اور سوریا کمار یادو انڈیا کی طرف سے اپنی ہارڈ ہٹنگ کے جوہر دکھائیں گے (فائل فوٹوز/ اے ایف پی)

پچھلے دس سال میں کرکٹ میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں اور اس دوران ٹیموں کو بار بار اپنے کھیل کو بدلنا پڑا ہے تاکہ وہ جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

فیلڈنگ میں ڈرامائی تبدیلی، بولروں میں ویرائٹی اور سلو بال کا زیادہ سے زیادہ استعمال اور کھلاڑیوں کی فٹنس میں زبردست بہتری دیکھنے میں آئی ہے، اس کے ساتھ ہی ساتھ جو چیز سب سے نمایاں ہے، وہ پاور ہٹنگ پر انحصار ہے اور ہر ٹیم ایسے کھلاڑیوں کو گروم کرتی ہے جو پاور ہٹنگ کر سکیں۔

پاور ہٹنگ نے خاص طور پر ٹی 20 کرکٹ میں اہمیت حاصل کی ہے جہاں کھلاڑیوں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ چند اووروں کے اندر ہی اتنی تیزی سے رنز بنائیں کہ مخالف ٹیم کے حوصلے پست ہو جائیں۔ جہاں ٹیسٹ کرکٹ میں 20، 22 رنز کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہوتی، ٹی 20 میں برق رفتاری سے بنائے گئے 20 رنز بھی کھیل کا پانسہ پلٹ دیتے ہیں۔

پاور ہٹر میچ میں زبردست جوش و خروش اور سنسنی پیدا کر دیتے ہیں اور تماشائیوں کو اپنی طاقت اور ہنر سے یادگار تفریح فراہم کرتے ہیں۔

پاور ہٹنگ کے اہم پہلو

طاقت اور ٹائمنگ: پاور ہٹنگ میں بلےباز کو اپنی جسمانی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے گیند کو زیادہ سے زیادہ دور مارنے کی کوشش کرنی ہوتی ہے۔ اس کے لیے آج کے کھلاڑی خاص طور پر کندھوں اور بازوؤں کی خصوصی ورزشیں کرتے ہیں تاکہ ان کے اوپری جسم کی طاقت ایسی ہو کہ وہ بیٹ کی اتنی تیز رفتار پیدا کر سکے کہ بلےباز کھڑے کھڑے گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچا سکے۔

لیکن طاقت کے ساتھ ساتھ ٹائمنگ بھی بہت اہم ہے، کیونکہ صرف طاقت سے گیند کو میدان سے باہر نہیں پھینکا جا سکتا۔ ٹائمنگ سے مراد یہ کہ گیند کو بالکل درست لمحے پر بلے کے بیچوں بیچوں سے مارا جائے۔

پوزیشننگ اور فٹ ورک: پاور ہٹنگ میں بلے باز کی پوزیشننگ اور فٹ ورک بھی بہت اہم ہوتے ہیں۔ صحیح پوزیشن میں ہونا اور فٹ ورک کا صحیح استعمال کر کے بلے باز زیادہ مؤثر طریقے سے گیند کو مار سکتا ہے۔

بلے باز کو اپنی پوزیشن جلدی تبدیل کرنے اور گیند کی لائن اور لینتھ کو صحیح طریقے سے سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ذہنی مضبوطی: پاور ہٹنگ صرف جسمانی صلاحیت کا کھیل نہیں، بلکہ ذہنی مضبوطی بھی اہم ہے۔ بلے باز کو دباؤ میں بھی سکون اور اعتماد کے ساتھ کھیلنا آنا چاہیے۔

صحیح موقعے پر صحیح شاٹ کا انتخاب کرنا اور دباؤ کے باوجود اپنی تکنیک پر بھروسہ کرنا اہم ہے۔

2024  میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے کچھ بہترین پاور ہٹرز درج ذیل ہیں، جو اپنی شاندار بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں۔

یہ کھلاڑی اپنی ٹیموں کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ماضی میں ان کی کچھ شاندار اننگز ان کی دھواں دھار بیٹنگ کی اہلیت کو ثابت کرتی ہیں۔

جوس بٹلر (انگلینڈ)

روایتی بلےباز اوپر والے ہاتھ پر زیادہ تکیہ کرتے ہیں مگر جوس بٹلر بنیادی طور پر نچلے ہاتھ والے کھلاڑی ہیں اور وہ اپنی کلائیوں کی طاقت سے بلے کی سوئنگ اور رفتار میں طاقت پیدا کرتے ہیں۔

جوس بٹلر عام طور پر ٹی 20 میں اوپن کرتے ہیں اور اننگز کے آغاز ہی میں مخالف ٹیم کے بولروں کو اپنی طوفانی بیٹنگ سے دباؤ میں لانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ بٹلر نے فرینچائز کرکٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔

ان کا ٹی 20 انٹرنیشنل سٹرائیک ریٹ 144.26 ہے اور وہ 100 سے زائد چھکے لگا چکے ہیں۔ ایک یادگار اننگز انہوں نے 2021 میں سری لنکا کے خلاف کھیلی جہاں انہوں نے 101 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلائی۔

گلین میکسویل (آسٹریلیا)

کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں ناقابل یقین سٹرائیک ریٹ کے ساتھ، گلین میکسویل کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ خطرناک اور دنیا کے بہترین ہٹرز میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے 50 اووروں کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف زخمی حالت میں جو اننگز کھیلی وہ کرکٹ کی تاریخ کی عظیم ترین اننگز سمجھی جاتی ہے، جو میکسویل کی بےخوفی اور ذہنی مضبوطی کی دلیل ہے۔

ان کا ٹی 20 انٹرنیشنل سٹرائیک ریٹ 158.92 ہے اور انہوں نے 100 سے زائد چھکے لگائے ہیں۔ میکسویل نے 2016 میں سری لنکا کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 145 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جو ٹی 20 میں ان کی بہترین اننگز میں سے ایک ہے۔

میکسویل زیادہ لمبی چوڑی جسامت کے حامل نہیں ہیں، لیکن اپنی لچکدار کلائیوں اور برق رفتار بیٹ سپیڈ کی وجہ سے وہ کسی بھی باؤنڈری کو پار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سوریہ کمار یادو (انڈیا)

سوریہ کمار یادو کو مسٹر 360 کہا جاتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ وکٹ کے چاروں طرف غیر روایتی شاٹس کھیلنے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس میں خاص طور پر سکوئر کے پیچھے کا علاقہ ان کی مرغوب جگہ ہے جہاں وہ کسی بھی لائن اور لینتھ کی گیند کو کھیلنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

’سکائی‘  کی پاور ہٹنگ کی صلاحیت حال ہی میں ختم ہونے والی آئی پی ایل میں مکمل طور پر ظاہر ہوئی ہے، تاہم بین الاقوامی مقابلوں میں بھی وہ اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔ ان کا ٹی 20 انٹرنیشنل سٹرائیک ریٹ 175.76 ہے اور وہ تیزی سے رنز بنانے کے ماہر ہیں۔ یادو کی یادگار اننگز 2022 میں انگلینڈ کے خلاف تھی جہاں انہوں نے 117 رنز بنائے اور ٹیم کو اہم میچ میں فتح دلائی۔

ہائنرخ کلاسین (جنوبی افریقہ)

ہائنرخ کلاسین کی خاص بات یہ ہے کہ وہ کھڑے کھڑے صرف کندھے کے زور پر گیند کو تماشائیوں میں پہنچانے میں مہارت رکھتے ہیں اور ان کی یہ خوبی کسی بھی بولر کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہو سکتی ہے۔

ان کا ٹی 20 انٹرنیشنل سٹرائیک ریٹ 146.43 ہے اور وہ میچ کے اہم لمحات میں بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کلاسین کی یادگار اننگز 2023 میں انڈیا کے خلاف تھی جہاں انہوں نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلائی۔

آئی پی ایل 2024 میں انہوں نے چند مختصر مگر ناقابلِ یقین اننگز کھیلی ہیں۔

آندرے رسل (ویسٹ انڈیز)

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی آندرے رسل کا بس ایک ہی مشن ہے: کرکٹ کی گیند کو جتنی زور سے ممکن ہے، ہٹ لگائی جائے۔  رسل بنیادی طور پر فنشر ہیں، اور انہوں نے اکیلے ہی اپنے ملک اور فرنچائزز کے لیے ایسی حالت میں میچ جتوائے ہیں جب شکست سامنے کھڑی تھی۔

وہ زبردست ایتھلیٹ ہیں اور ان کی طاقتور بیٹ سوئنگ انہیں دوسرے کھلاڑیوں سے ممتاز کرتی ہے۔

ان کا ٹی 20 انٹرنیشنل سٹرائیک ریٹ 156.00 ہے اور وہ 80 سے زائد چھکے لگا چکے ہیں۔ رسل کی یادگار اننگز 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف تھی، جہاں انہوں نے 43 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کو جیت دلائی۔

افتخار احمد (پاکستان)

افتخار احمد پاکستانی ٹیم کے بہترین پاور ہٹرز میں سے ایک ہیں۔ ان کی بیٹنگ میں بڑے چھکے مارنے کی صلاحیت نمایاں ہے۔ افتخار احمد کا ٹی 20 انٹرنیشنل سٹرائیک ریٹ 134.01 ہے اور انہوں نے متعدد مشکل مواقعوں پر اپنی جارحانہ بلےبازی سے میچ کا نقشہ بدلا ہے۔

وہ عام طور پر چھٹے یا ساتویں نمبر پر آتے ہیں جہاں انہیں زیادہ لمبی اننگز کھیلنے کا موقع نہیں ملتا، لیکن وہ اس کا بھی فائدہ اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کی یادگار اننگز 2022 میں ایشیا کپ کے دوران انڈیا کے خلاف تھی، جہاں انہوں نے ایک ایسے موقعے پر 40 رنز کی اہم اننگز کھیلی جب پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی تھی۔

یہ وہ کھلاڑی ہیں جو ہماری نظر میں سب سے عمدہ پاور ہٹر ہیں، لیکن ان کے علاوہ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ان کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

ان میں جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر، انگلینڈ کے فل سالٹ اور ول جیکس، انڈیا کے ہاردک پانڈیا اور شیوم دوبے، نیوزی لینڈ کے فن ایلن اور ڈیرل مچل، پاکستان کے فخر زمان اور اعظم خان وغیرہ شامل ہیں۔

ان کھلاڑیوں پر سب کی نظر ہو گی اور توقع کی جا سکتی ہے کہ اپنی صلاحیتوں سے یہ نہ صرف اپنی ٹیموں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کریں گے بلکہ ناظرین کو بھی شاندار تفریح اور یادگار لمحات فراہم کریں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ